ویب ڈیسک : گوگل اینڈرائیڈ ڈیوائسز پر اشتہارات کا نظام تبدیل کرنے جارہا ہے، جس کے تحت اشتہارات کے ذریعے صارفین کی ٹریکنگ کو محدود کیا جائے گا، جو کھربوں ڈیوائسز میں استعمال ہو رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اینڈرائیڈ کی حریف کمپنی ایپل پہلے ہی اپنے صارفین کے لیے اس طرح کے اقدامات کر رہی ہے۔ امریکا میں ایپل سمارٹ فونز کے صارفین 50 فیصد ہیں جبکہ گوگل کے اینڈرائیڈ سافٹ ویئر موبائلز کے دنیا بھر میں 85 فیصد صارفین موجود ہیں۔
ٹیکنالوجی کمپنیاں اس حوالے سے شدید دباؤ میں ہیں کیونکہ ڈیوائس کے استعمال کے دوران اشتہارات کو صارفین کی ذاتی معلومات کی مدد سے دکھایا جاتا ہے جس سے ان کی پرائیویسی کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔ جس کے باعث سوشل میڈیا کمپنیوں کو مختلف ممالک کی ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے بھی سخت دباؤ کا سامنا ہے۔سسٹم میں چھوٹی سی تبدیلی بھی کھربوں صارفین کے ڈیٹا پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔
گوگل کی جانب سے جاری کردہ بلاگ میں کہا گیاہے ہمارا مقصد موثر اور پرائیویسی کی حفاظت کے حوالے سے اشتہاری حل تیار کرنا ہے، جہاں صارفین کو معلوم ہو کہ ان کی معلومات محفوظ ہیں۔صارفین کی رازداری کو محفوظ رکھنے پر کام کر رہے ہیں۔ جس سے ان کے ڈیٹا کو تیسری پارٹی کے ساتھ شیئر کرنے کو محدود کرتے ہوئے کراس ایپ شناخت کنندگان کے بغیر کام کرنے میں مدد ملے گی، جس میں اشتہارات کی آئی ڈی بھی شامل ہے۔