سٹی 42: پروفیشنل انجینئرز کیلئے اچھی خبر، انجینئرنگ پریکٹس امتحان میں فیل شدہ انجنیئرز کیلئے رعایت دے دی گئی، تین مرتبہ فیل ہونے والے انجنیئرز صرف فیل شدہ پارٹ کا دوبارہ امتحان دے سکیں گے۔
پاکستان انجینئرنگ کونسل نے انجینئرز کو سہولت فراہم کرنے کیلئے انھیں صرف فیل شدہ پارٹ کا امتحان دینے کی اجازت دے دی ہے۔ انجینئرنگ پریکٹس امتحان کے قواعد و ضوابط جاری کرنے کے بعد پاکستان انجینئرنگ کونسل نے ترمیمی شیڈول جاری کر دیا ہے۔
انجنیئرز کیلئے امتحان میں شرکت کیلئے رجسٹریشن کی تاریخ میں یکم مارچ تک توسیع کر دی گئی ہے۔ پانچ سالہ پروفیشنل انجینئرز کو امتحان میں شرکت کیلئے اہل قرار دیا گیا ہے جبکہ پاکستان انجینئرنگ کونسل سے رجسٹرڈ انجینئرز ہی امتحان میں شرکت کے اہل ہونگے۔
دوسری جانب پنجاب ایگزمینیشن کمیشن نے امتحانات کا حتمی شیڈول جاری کردیا ہے۔ صوبہ بھر میں پہلی سے آٹھویں جماعت کا امتحان 16 سے 31 مئی تک لیا جائے گا۔ نتائج کا اعلان اور رزلٹ کارڈ 10 جون کو جاری ہونگے۔ انگلش، حساب، سائنس، اردو، کمپیوٹر، تاریخ، جغرافیہ اور معاشرتی علوم کا پیپر ہوگا۔امتحانات کیلئے سوالیہ پیپر پیک فراہم کرے گا۔
پہلی اور دوسری جماعت کا امتحان زبانی سوال جواب کے ذریعے ہوگا۔ تیسری سے آٹھویں جماعت کا امتحان پچاس نمبر کا لیا جائے گا۔ پیک حکام کے مطابق 25 سوالات دیئے جائیں گے، ہر سوال کے 2 نمبر ہونگے۔ باقی پچاس نمبرز ہوم ورک کے شامل کیےجائیں گے۔ پیک حکام نے امتحانات کے حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔