(مظہر عباس) مانگا منڈی کے قریب چار گاڑیاں آپس میں ٹکرانے سے سات افراد زخمی ہوگئے جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس کے مطابق حادثہ دھند کی وجہ سے پیش آیا۔
ٹریفک پولیس کےمطابق حادثہ ملتان جی ٹی روڈ پر مانگا منڈی بائی پاس کے قریب پیش آیا۔ پولیس کے مطابق دھند کی وجہ سے لاہور کی طرف آنیوالی دو کاریں، ایک کیری ڈبہ اور کنٹینر آپس میں ٹکرا گئے جس سے کاروں اور کیری ڈبہ میں سوار سات افراد زخمی ہوگئے۔ خوش قسمتی سے رفتارکم ہونے کی وجہ سے مسافروں کو زیادہ چوٹیں نہیں آئیں۔ ریسکیو نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو مانگا منڈی ہسپتال منتقل کردیا جبکہ پولیس نے متاثرہ گاڑیاں تحویل میں لیکر کارروائی شروع کر دی۔
دوسری جانب شہر اور گردو نواح میں شدید دھند پڑنے کا سلسلہ جاری ہے، دھند کے باعث موٹروے کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا تھا جس کے بعد اب کھول دیا گیا ہے۔ موٹروے ایم ٹو خانقاہ ڈوگراں، ایم تھری لاہور سے عبدالحکیم تک بند کی گئی تھی۔ لاہور، مانگا منڈی، پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال، چیچہ وطنی، گوجرانوالہ اور ملتان سمیت دیگر شہروں میں شدید دھند چھائی رہی، دھند کے باعث قومی شاہراہوں پر رات گئے حد نگاہ کم ہو کر 20 میٹر تک رہ گئی تھی۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو سفر کے لیے خصوصی ہدایات نامہ جاری کیا ہے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے، دھند کے باعث موٹر وے کو گزشتہ شب 8 بجے ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا تھا۔