مال روڈ (قذافی بٹ) سینیٹ انتخابات کی تیاریاں عروج پر، الیکشن کمیشن میں سینیٹ کے 19 امیدواروں کی سکروٹنی آج ہوگی، امیدواروں کو الیکشن کمیشن میں طلب کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ انتخابات میں امیدواروں کی سکروٹنی کا عمل آج سے شروع ہوگا، پہلے روز 19 امیدواروں کو تعین کردہ اوقات میں سکروٹنی کیلئے الیکشن کمیشن بلایا گیا، تحریک انصاف کے 9، (ن)لیگ کے 8، پیپلزپارٹی اور (ق) لیگ کا ایک ایک امیدوار طلب کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے سکروٹنی کیلئے تحریک انصاف کے جمشید اقبال چیمہ، محمد مدنی، ظہیر عباس کھوکھر، عمر سرفراز چیمہ، سیف اللہ خان نیازی، اعجاز منہاس، بیرسٹر علی ظفر، ڈاکٹر زرقا، روبینہ اختر، مسلم لیگ (ن) کے اعظم نذیر تارڑ، سینیٹر پرویز رشید، سینیٹر مشاہد اللہ خان، اصفان خان، سیف الملوک کھوکھر، سعود مجید، زاہد حامد اور سائرہ افضل تارڑ کو طلب کرلیا، مسلم لیگ قائد اعظم کے کامل علی آغا اور پیپلز پارٹی کے عظیم الحق منہاس کو بھی الیکشن کمیشن نے طلب کیا ۔
یاد رہے کہ سینیٹ انتخابات 2021 کیلئے 170 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، پنجاب کی 11 نشستوں پر 29 امیدوار سامنے آئے،سندھ کی 11 نشستوں پر 39 امیدواروں نے خیبر پختونخوا کی 12 نشستوں پر 51 اور بلوچستان کی 12 نشستوں پر 41 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، اسلام آباد کی دو نشستوں کیلئے 10 امیدواروں میدان میں آئے، پنجاب سے جنرل نشستوں کے لیے 21، ٹیکنو کریٹس اور علماء کے لیے 3، خواتین کی نشستوں پر 5 کاغذات نامزدگی جمع ہوئے۔