لاہور میں شدید دھند، ائیر پورٹ اور موٹروے بند

17 Feb, 2021 | 09:43 AM

Sughra Afzal
Read more!

(سٹی 42) باغوں کے شہر  لاہور میں دھند نے ڈیرے ڈال لیے جس سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوگئے، حد نگاہ کم ہونے کے باعث موٹروے اور  علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پورٹ کو  بند کردیا گیا۔

صوبائی دارالحکومت لاہور  میں صبح کے وقت دھند نے ہر منظر دھندلا دیا، شدید دھند کے باعث   موٹروے  ایم 2 کوخانقاہ ڈوگراں تک اور اور ایم تھری کو سمندری تک  ہرقسم کی ٹریفک کےلیے بند کردیا گیاجبکہ حد نگاہ کم ہونے کے باعث علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پورٹ کو  پروازوں کے لیے بند کر دیا گیا،  شہر کے خارجی و داخلی راستے بھی دھندلے پڑ گئے ، لاہور کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑ رہا ہے، دوپہر 12 بجے دھند چھٹنے کے بعد موٹروے اور لاہور ائیر پورٹ کو کھول دیا گیا۔

ترجمان موٹروے پولیس نےشہریوں کوغیرضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کر دی، موٹروے پولیس کے مطابق شہری سفر شروع کرنےسے پہلے ہیلپ لائن 130سےمدد لیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج لاہور شہرمیں کم سےکم درجہ حرارت10 اور زیادہ سے زیادہ 24 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے،  ہوامیں نمی کا تناسب 99 فیصد ہے،دسمبر اور جنوری میں دھند کا سپیل کم رہا جس کے اثرات فروری کے مہینے میں پڑے جبکہ  فضائی آلودگی کے خاتمے کے لیے بارشوں کی اشد ضرورت ہے اور فروری میں بارشوں کے امکانات کم ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو صحت کے مسائل درپیش ہوں گے۔

مزیدخبریں