ویب ڈیسک : چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) راشد محمود لنگڑیال کا کہنا ہےکہ ملک میں سب سے زیادہ غریب شخص 17 سے 18 فیصد ٹیکس دیتا ہے لیکن امیر پورا ٹیکس ادا نہیں کرتا۔
لاہور چیمبر میں تاجروں سےگفتگو کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ اس وقت ہمیں انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس میں تقریباً پانچ کھرب روپے سالانہ کمی کا سامنا ہے، امیر طبقہ مکمل ٹیکس نہیں دیتا، میں ایمنسٹی کے حق میں بالکل نہیں ہوں، فاریکس کے معاملے پر حکومت نے اچھے اقدامات کیے ہیں۔ ہم ایسا نظام بنا رہے ہیں جس سے تمام لوگ ٹیکس نیٹ میں شامل ہوں گے، ایف بی آر سے کالی بھیڑوں کا صفایا کر دیا ہے، ایف بی آر پر اس وقت حکومت یا کسی بھی ادارے کا کوئی پریشر نہیں۔ ہم نے شوگر ملوں پر جو ٹریک سسٹم لگایا ہے اس سے وہ کافی پریشان دکھائی دے رہے ہیں، تاجروں اور صنعت کاروں کو کسٹم کلیئرنگ ایجنٹس کے چنگل سے نکالنے کے لیے سسٹم بنایا گیا ہے۔
لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد اور دیگر عہدیداروں نے کہا کہ ٹیکس وصولی کا نظام آسان بنایا جانا چاہیے، حکومتی اداروں کے پاس تمام امیر لوگوں کا ڈیٹا موجود ہے، انہیں ٹیکس نیٹ میں لایا جائے اور ریفارمز کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔