یہ نہیں ہوسکتا حملہ کریں، سول نافرمانی تحریک چلائیں اور مذاکرات بھی ہوں، خواجہ آصف

17 Dec, 2024 | 02:43 PM

ویب ڈیسک: وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ نے سول نافرمانی کرنی ہے تو کرلیں، دھمکیوں سےکام نہیں چلتا۔

 قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ میں نے کل بھی اس بات کی تصدیق کی تھی لیکن ابھی تک باضابطہ مذاکرات شروع نہیں ہوئے۔

 انہوں نے کہا کہ یہ باتیں کمیٹی بن گئی ہے اور یہ ہوگیا ہے، اس سلسلے میں مثبت رد عمل تب ہی آسکتا ہے جب کوئی پیش قدمی ہوگی جب کہ شیر افضل مروت نےجو بات کی وہ خوشگوار ہوا کا جھونکا ہے، پہلی بار ادھر سے خوشگور ٹھنڈی ہوا کا جھونکا آیا۔

 ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ تلخی سے بات کریں گے تو تلخی ہی بڑھے گی، گن پوائنٹ پر مذکرات نہیں ہوسکتے، یہ نہیں ہوسکتا کہ حملہ کریں، سول نافرمانی تحریک چلائیں اور مذاکرات بھی ہوں۔

 وزیر دفاع نے کہا کہ وہ ضرور اسلام آباد پر حملہ کریں، ان کا حق ہے لیکن خیبرپختونخوا حکومت دیگر مسائل میں الجھی ہوئی ہے، حکومت صوبے میں امن وامان کی صورتحال پر توجہ دے، پاراچنار میں آج بھی آگ نہیں بجھ سکی، پاراچنار کے مسئلے کا پائیدار حل ضروری ہے۔

 مجھے بتایا گیا کہ کرم میں زمین کا جھگڑا ہے جو شیعہ سنی فساد میں تبدیل ہوگیا۔

 انہوں نے کہا کہ ہماری اس جنگ میں نقصان ملک کو ہورہا ہے، معاملات افہام و تفہیم سے حل ہوتے ہیں، دھمکیوں سے نہیں، احتجاج کے دوران رینجرز اور پولیس اہلکاروں پر حملہ آور کون تھے؟

 ان کا کہنا تھا کہ آج یہ کہتے ہیں کہ جیل میں سہولیات نہیں دی جارہی، سیاسی ورکر شکایتیں نہیں کرتا، مجھےجیل میں انتہائی خراب حالت میں رکھا گیا لیکن کبھی شکایت نہیں کی۔

مزیدخبریں