راؤ دلشاد: مسلم لیگ (ن) نے احسن اقبال کےخلاف میڈیا میں بیان دینے پر اپنے رہنما دانیال عزیز کو شوکاز نوٹس جاری کرکے وضاحت طلب کی تھی۔ اس حوالے سے مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے دانیال عزیز کے ساتھ ملاقات میں ان کے میڈیا میں بیانات پر برہمی کا اظہار کیا جس کے بعد دانیال عزیز نے اپنے رویہ پر معافی مانگ لی ہے۔
نواز شریف نے دانیال عزیز کے ساتھ مرکزی دفتر میں ملاقات کے دوران کہا کہ دانیال عزیز صاحب آپ کو اس طرح سے میڈیا میں جاکر احسن اقبال پر تنقید نہیں کرنی چاہیئے تھی، احسن اقبال مشکل ترین وقت کے ساتھی ہیں، مشکل میں جن لوگوں نے پارٹی کا ساتھ دیا، پارٹی ان کا ساتھ دے گی۔
قائدِ ن لیگ نے مزید کہا کہ پارٹی میں اختلافات چلتے رہتے ہیں آپ کو قیادت سے بات کرنی چاہیئے تھی۔
اس کے بعد دانیال عزیز نے اپنے رویے پر پارٹی قیادت سے معافی مانگ لی۔
واضح رہے کہ دانیال عزیز اور احسن اقبال ایک ہی علاقہ شکر گڑھ سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کے درمیان خاصے عرصہ سے اختیارات اور علاقہ مین اثرو رسوخ بڑھانے کے حوالے سے چپقلش چل رہی تھی جس گزشتہ ہفتے بڑھ کر میڈیا میں ایک دوسرے کے متعلق بیان بازی کی حد تک آ گئی۔ میڈیا میں احسن اقبال پر تنقید کا آغاز دانیال عزیز نے کیا تھا جس کے بعد احسن اقبال نے میڈیا نمائندوں کے سوالات کے جواب میں دانیال عزیز پر تنقید کی تھی تاہم مسلم لیگ نون کے صدر میاں شہباز شریف نے دانیال عزیز کو شو کاز نوٹس کرتے ہوئے انہیں 9 دسمبر تک جواب دینے کے لئے کہا تھا۔