(ویب ڈیسک)امریکی شہری نے تاریخ کی سب سے بڑی بولی لگا کر چترال میں مارخور کا شکار کر لیا۔
ذرائع محکمہ جنگلی حیات کے مطابق مارخور کے شکار کا پرمٹ ٹیکس سمیت 2 لاکھ 32 ہزار امریکی ڈالر میں حاصل کیا گیا۔
ذرائع محکمہ جنگلی حیات کی جانب سے بتایا گیا کہ مارخور کی 2 لاکھ 32 ہزار ڈالر کی بولی تاریخ کی سب سے بڑی بولی ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ امریکی شہری نے مارخور کے شکار کا پرمٹ اکتوبر 2023 میں بولی کے ذریعے حاصل کیا تھا۔
واضح رہے کہ مارخور پہاڑی علاقوں میں رہنا پسند کرتا ہے اور 600 سے 3600 میٹر کی بلندی تک پایا جاسکتا ہے۔ اِس کے قد و قامت میں نمایاں اِس کے مضبوط اور مڑے ہوئے سینگ ہیں جن کی لمبائی 143 سینٹی میٹر تک ہوسکتی ہے۔ جبکہ اِس کا وزن 104 کلو گرام تک ہوتا ہے اور اونچائی 102 سینٹی میٹر تک ہوتی ہے۔ مارخور کی تین اقسام مشہور ہیں جن میں استور مارخور، بخارائی مارخور اور کابلی مارخور شامل ہیں۔
مارخور قومی جانور کی حیثیت رکھتا ہے اور اس سے قبل بھی مارخور کے شکار کی بولیاں لگائی جاتی رہی ہیں جس کیلئے دنیا کے مختلف ممالک سے لوگ آتے ہیں۔
اس سے قبل ایک امریکی شہری نے 2 کروڑ 20 لاکھ پاکستانی روپے کی بولی لگا کر چترال میں مارخور کا شکار کیا تھا جبکہ استور میں مارخور کے شکار کے لیے ایک لاکھ 86 ہزار ڈالر کی رقم ادا کی گئی تھی۔