بلاول بھٹو کے بیان پر بھارتی انتہا پسند ہندو آپے سے باہر

17 Dec, 2022 | 04:10 PM

ویب ڈیسک : وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کی دکھتی رگ پر ہاتھ رکھ دیا۔ بلاول بھٹو زرداری کے بھارتی ہم منصب جے شنکر کو منہ توڑ جواب نے پورے انڈیا میں کھلبلی مچا دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مودی کو گجرات کا قصائی کہا جس پر بھارتی انتہا پسند ہندوؤں نے ملک بھر میں احتجاج کی کال دیتے ہوئے مظاہرے شروع کر دیئے۔بھارت کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور انتہا پسند پارٹی راشٹریہ سوم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) نے بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر سیخ پا ہوتے ہوئے ملک بھر میں احتجاج کرنے کا اعلان کیا۔

بی جے پی کے کارکنوں نے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر جمع ہو کر احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بھی لگائے جبکہ دہلی پولیس کو بظاہر روکنے کی کوشش کرتی رہی اور رکاوٹیں بھی لگائیں۔یہ بھی پڑھیں: اسامہ مر چکا لیکن گجرات کا قصائی زندہ اور بھارت کا وزیراعظم ہے، بلاول بھٹو

بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کے پاس گجرات فسادات کے حوالے سے ثبوتوں کا فقدان ہے اور بلاول بھٹو کا بھارتی وزیر اعظم سے متعلق بیان غیر مہذب تھا۔ وہ اپنی جھنجھلاہٹ کا رخ پاکستان میں دہشت گردوں کے ماسٹر مائنڈ کی طرف کریں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اقوام متحدہ میں بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ اسامہ بن لادن مر چکا ہے لیکن گجرات کا قصائی زندہ ہے اور وہ بھارت کا وزیر اعظم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مودی پر وزیر اعظم بننے سے قبل امریکہ میں داخلے پر پابندی عائد تھی۔

مزیدخبریں