گورنر اسٹیٹ بینک کا اہم بیان آگیا

17 Dec, 2022 | 12:30 PM

(مانیٹرنگ ڈیسک) گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہہماری آخری منزل ایک جامع اسلامی مالی نظام ہے جو شریعت کے مقاصد اور اسٹیک ہولڈرز کی توقعات پر پورا اترے۔

اسٹیٹ بینک نے 15 دسمبر 2022ء کو اسلام آباد میں اسلامک فنانشل سروسز بورڈ (IFSB) کے 41 ویں کونسل اجلاس کی میزبانی کی، اجلاس کی صدارت گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کی جو 2022کے لیے آئی ایف ایس بی کونسل کے چیئرمین بھی ہیں، اجلاس میں مرکزی بینکوں کے گورنرز اور سینئر عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔

عوامی لیکچر کے ساتھ ربط پیدا کرتے ہوئے جمیل احمد نے کہا کہ اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف مکمل طور پر ان مقاصد سے ہم آہنگ ہیں،انھوں نے بینکوں کو مشورہ دیا کہ وہ اسلامی بینکاری کی غیر استعمال شدہ صلاحیت سے فائدہ اٹھائیں کیونکہ ملک میں اس کی بہت زیادہ مانگ ہے۔

پہلا عوامی لیکچر معروف بین الاقوامی اسلامی فنانس اسکالر چیف اکنامسٹ اسلامک ڈویلپمنٹ بینک ڈاکٹر سمیع ابراہیم السویلم نے دیا، اپنے لیکچر میں انھوں نے پائیدار ترقیاتی اہداف کو عملی جامہ پہنانے میں اسلامی مالیات کے کردار پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

انھوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کا پورا تصور مستقبل کو واضح طور پر دیکھنے کی صلاحیت پر مبنی ہے جس سے نہ صرف اس نسل بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی وسائل کی منصوبہ بندی کی جاسکتی ہے، اسٹیٹ بینک نے 14 دسمبر 2022کو آئی ایف ایس بی ممبرز اور انڈسٹری انگیجمنٹ سیشن کی بھی میزبانی کی۔

انڈسٹری انگیجمنٹ سیشن میں آئی ایف ایس بی کے سیکریٹری جنرل نے شرکا کو آئی ایف ایس بی کی سرگرمیوں اور رکنیت کے مختلف زمروں میں اس کے ارکان کو دستیاب فوائد سے آگاہ کیا، تقریب میں بینکوں اور غیر بینکاری مالی اداروں کے سی ای اوز، اثاثہ جات کی انتظامی کمپنیوں، بروکریج فرموں اور تعلیمی اداروں نے شرکت کی۔

 

مزیدخبریں