جیل روڈ (زاہدچودھری) سروسز ہسپتال اور گنگا رام ہسپتال میں پیرا میڈکس سٹاف مریضوں کے اہلخانہ سے بخشش کے نام پر ہزاروں روپے بٹورنے لگا۔
شہر لاہور کے دو بڑے ہسپتالوں میں نومولود بچوں کے والدین سے بخشش لئے جانے کا انکشاف ہوا، والدین کا کہنا ہے کہ ہسپتال کے گائنی وارڈز میں پیدائش کے بعد بچہ حوالے کرنے کے پیسے مانگے جاتے ہیں۔ پیرامیڈیکل سٹاف سو، دو سو روپے نہیں کم از کم ہزار روپے کا مطالبہ کرتے ہیں، بخشش کے بغیر نہ بچہ دکھایا جاتا ہے اور نہ والدین کے حوالے کیا جاتا ہے۔
لواحقین نے مزید کہا کہ ویل چیئر ، بیڈ دینے کے لئے بھی پیسوں کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔ واضح رہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے اہل خانہ سے بخشش لینا یا مانگنا ممنوع ہے
دوسری جانب محکمہ پرائمری ہیلتھ نے ٹیچنگ ہسپتالوں میں آنے والے تمام افراد کیلئے ویکسی نیشن لازمی قرار دیدی، اب ٹیچنگ اور سرکاری ہسپتالوں میں او پی ڈی، انڈور اور ایمرجنسی میں صرف ویکسینیٹڈ افراد داخل ہوسکیں گے۔او پی ڈی کاؤنٹر پر موجود سٹاف ہر شہری کا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ چیک کرے گا۔ٹیچنگ ہسپتالوں میں کورونا ویکسی نیشن کاؤنٹر چوبیس گھنٹے فعال ہونگے۔
محکمہ پرائمری ہیلتھ کی ہدایت پر تمام ٹیچنگ ہسپتالوں نے اقدامات شروع کر دیئے، یکم سے 31 دسمبر تک جاری ریچ ایوری ڈور مہم کا ہدف حاصل کرنے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔