(سٹی 42) صوبائی درالحکومت لاہور کو دھند نے ایک بار پھر اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، حد نگاہ کم ہونے کے باعث موٹروے اور رنگ روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا۔
لاہور میں صبح کے وقت دھند نے ہر منظر دھندلا دیا، شدید دھند کے باعث موٹروے کو ایم ٹو ٹھوکر سے کوٹ مومن، لاہور سے سمندری اور سیالکوٹ تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا جبکہ دھند کے باعث پروازوں اور ٹرینوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا، شہر کے خارجی و داخلی راستے بھی دھندلے پڑ گئے، دھند کےباعث رنگ روڈ کو بھی ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔
ترجمان موٹروے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کر دی، موٹروے پولیس کے مطابق شہری سفر شروع کرنےسے پہلے ہیلپ لائن 130 سے مدد لیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور شہر کا مطلع صاف، موسم سرد اور خشک رہے گا، آئندہ چوبیس گھنٹوں میں شہر اور گردونواح میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہےکہ آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت2 اور زیادہ سے زیادہ 18 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا، 5 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چلے گی، ہوا میں نمی کا تناسب 94 فیصد ہوگا۔