(قیصر کھوکھر) مینجمنٹ پروفیشنلز ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ (ایم پی ڈی ڈی) کی جانب سے سرکاری افسران کی استعداد کار بڑھانے کیلئے اہم اقدام، افسران کو 4 ہفتوں کا کورس کروانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
صوبائی سیکرٹری ندیم محبوب کا کہنا ہے کہ ایم پی ڈی ڈی پنجاب پروفیشنلز کی ٹریننگ اور کیپسٹی بلڈنگ کے حوالے سے فلی ایڈوانسڈ ادارہ ہے، صوبائی سول سروس کو جدت اور کیپسٹی بلڈنگ کے ذریعے مزید بہتر بنانے کیلئے 4 ہفتوں کا سپیشلائز ٹریننگ پروگرام متعارف کروایا جارہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بلوچستان سے 22، سندھ سے 10، کے پی سے 6، گلگت بلتستان سے 3 اور آزاد کشمیر سے 2 آفیسرز پنجاب سے آن لائن ٹریننگ حاصل کریں گے۔
ندیم محبوب کے مطابق ان افسران کو سروس ڈیلیوری، منیجمنٹ، اکنامک اینڈ سوشو پولیٹیکل، کمیونٹی ڈویلپمنٹ اور انتظامی امور کے حوالے سے تربیت دی جائےگی۔
یاد رہے کہ پنجاب کا محکمہ برائے مینجمنٹ پروفیشنلز ڈویلپمنٹ تمام صوبوں میں واحد محکمہ ہے جس کو وفاق کی جانب سے دیگر صوبوں کے پی ایم ایس افسران کے مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کیلئے چنا گیا ہے۔
دوسری جانب کارپوریٹ ٹیکس آفس کے اوقات کار میں ایک گھنٹے کا اضافہ کردیا گیا، کارپوریٹ ٹیکس آفس 31دسمبر تک صبح نوسے شام چھ بجے تک کھلے گا۔ایڈیشنل کمشنر ہیڈکوارٹر اظہر جہانگیر نے اوقات کار میں اضافے کا سرکلر جاری کردیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس آڈٹ کے اربوں روپے کے زیرالتواء آڈٹ کیسز نمٹانے اور بجٹ اہداف پورے کرنے کیلئے اوقات کار میں اضافہ کیا گیا۔