(ملک اشرف) لاہور ہائیکورٹ میں زیر زمین پانی کے تحفظ، ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے تدارک کیلئے دائر درخواست پر سماعت، عدالت نے پولی تھین بیگز استعمال کرنے والوں کو جرمانے کرنے، دکانیں سیل کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس شاہد کریم نے ہارون فاروق کی درخواست پر سماعت کی، ڈائریکٹر پی ڈی ایم سہیل بابر، ڈسٹرکٹ آفیسر محکمہ ماحولیات لاہور علی اعجاز عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ واٹر اور ماحولیاتی کمیشن کی جانب سے سید کمال حیدر ایڈوکیٹ نے رپورٹ پیش کی۔
واٹر کمیشن کی جانب سے عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ 2 ہزار 341 بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کیا گیا، 1ہزار 373 دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو بند کیا گیا، دھواں دینے والی دس ہزار سات سو انتالیس گاڑیوں کے چالان کیے گئے۔
عدالت میں پنجاب حکومت کے وکیل نے بھی ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات بارے آگاہ کیا، جسٹس شاہد کریم نے ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔
عدالت نے پولی تھین بیگز استعمال کرنے والوں کی دکانیں سیل کرنے اور 5 سے 20 ہزار تک جرمانہ کرنے کے احکامات جاری کردیئے، لاہور ہائیکورٹ نے نیا پاکستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ریورراوی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پانی کے تحفظ بارے رپورٹ بھی طلب کرلی۔
واضح رہےکہ 6 مارچ کو لاہور ہائیکورٹ نے شہر میں پولی تھین بیگز کے استعمال پر پابندی عائد کی تھی۔