اسوہ فاطمہ : بھادوں چڑھتے ہی موسم کا رنگ بدل گیا، آج بھادوں کی دو تاریخ کو شہر میں شب بارہ بجے کے بعد تیسری مرتبہ موسلا دھار مینہہ برس پڑا، کئی علاقوں میں گزشتہ ایک گھنٹے سے بارش جاری ہے۔
واپڈا ٹاؤں، پنجاب سوسائٹی، پی آئی اے، جوہر ٹاؤن، فیصل ٹاؤن، گرین ٹاؤن، ٹاؤن شپ،کوٹ لکھپت،پیکو روڈ،ماڈل ٹاؤن، قائد اعظم انڈسٹریل سٹیٹ اور بہت سے دیگر علاقوں میں ایک گھنٹے سے کم دورانیہ کی موسلا دھار بارش سے سڑکوں پر دن میں تیسری مرتبہ پانی جمع ہو گیا۔ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے بہت سی موٹر سائیکلیں پانی میں بند ہو ئیں۔
سبزہ زار اور اطراف کے علاقوں میں بھی موسلادھار بارش جاری ہے ۔
آج ہفتہ کو شب بارہ بجے سے دو بجے کے دوران شہر کے بیشتر علاقوں میں اچانک تیز بارش شروع ہوئی جو کہیں ایک گھنٹے بعد اور کہیں اس سے کچھ زیادہ وقت بعد تھم گئی۔ اس بارش سے نشیبی سڑکوں پر جو پانی جمع ہوا وہ کچھ دیر بعد اتر گیا تاہم کچھ دیر بعد ایک بار پھر بادل برسنے لگے ، ہلکی بارش کئی علاقوں میں صبح پو پھٹنے تک جاری رہی۔ ہفتہ کے روز دن میں پہلی مرتبہ بارش صبح چھ بجے لکے لگ بھگ شروع ہوئی جو ایک گھنٹے بعد رک گئی۔ اس کے بعد شام کو پانچ بجے ایک بار پھر تیز بارش ہو گئی جس نے بہت سی سڑکوں پر جل تھل ایک کر دیا۔
پنجاب کے دیسی مہینے بھادوں کی یہ خصوصیت ہے کہ بارش کچھ دیر کے لئے برستی ہے، پھر مطلع صاف ہو جاتا ہے لیکن کچھ ہی دیر بعد بادل پھر برس پڑتے ہیں، ایک علاقے مین بارش ہوتی ہے تو دوسرے علاقوں میں دھوپ چمک رہی ہوتی ہے۔