محسن نقوی کا شہید ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کے خاندان کیلئے 2 کروڑ روپے مالی امداد کا اعلان

17 Aug, 2024 | 05:17 PM

اویس کیانی : وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی مستونگ میں شہید ہونے والے ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کی تربت میں واقع رہائش گاہ  پہنچ گئے ۔ 

وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید ڈپٹی کمشنر ذاکر بلوچ کے والدکنر بلوچ،بھائیوں اور دیگر اہل خانہ  سے ملاقات کی، اور ذاکر بلوچ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ محسن نقوی نے شہید ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کے والد  کو دلاسہ دیا اور ان کے  حوصلے کو سراہا ۔ 

وزیر داخلہ نے شہید ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کے خاندان کےلئے 2 کروڑ روپے مالی امداد کا اعلان کردیا، اور شہید ڈپٹی کمشنر ذاکربلوچ کے والد کو پلاٹ کا الاٹمنٹ لیٹر دیا ۔ 

وزیر داخلہ محسن نقوی نے  صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے شہیدکے والد کو خصوصی تعزیتی پیغام پہنچایا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کسی کی جان کا نعم البدل نہیں بلکہ شہید ذاکر بلوچ کے خاندان کی دیکھ بھال کے لئے حقیقر سی کاوش ہے۔  ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کی شہادت پر دلی رنج ہوا ہے۔شہید ذاکر بلوچ کی فیملی کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔  آپ جیسے  حوصلہ مند والد  پر فخر ہے جنہوں نے تمام بیٹوں کواعلی تعلیم دلوائی ۔ شہید بیٹے کے والد کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے ۔ 

انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ فرض شناس، محنتی اور بہادر افسرتھے۔ ذاکر بلوچ نے شہادت کا اعلیٰ رتبہ پایا اور شہید ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ یاد رہیں گے۔  فرائض کی ادائیگی کے دوران شہید ہونے والے ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔  

محسن نقوی نے شہید ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے صبر جمیل کی دعا کی ۔ 

آئی جی فرنٹیئر کور ساوتھ بلوچستان میجر جنرل بلال سرفراز خان بھی ان کے ہمراہ تھے، اس کے علاوہ آر پی او گوارد، ڈپٹی  کمشنر  ، اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ 

مزیدخبریں