ویب ڈیسک : گورنر پنجاب سلیم حیدر خان نے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو تحفے میں گاڑی اور 20 لاکھ روپے کا چیک دے دیا۔
گورنر ہاؤس پنجاب میں سلیم حیدر خان نے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کا استقبال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم کو گورنر ہاؤس میں خوش آمدید کہتا ہوں، ان کی کامیابی پر پوری قوم جشن منا رہی ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک کے ہر حصے میں ارشد ندیم کی کامیابی کو سراہا جا رہا ہے، ہمیں توقع ہے کہ وہ مزید ریکارڈ توڑیں گے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ گورنر پنجاب اور پوری قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں، اللّٰہ کا شکر ہے کہ پورا ملک مجھے عزت دے رہا ہے۔ کسی بھی کھلاڑی کیلئے قوم کی طرف سے ملنے والی عزت سب سے بڑا اعزاز ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ میری خواہش ہے کہ قوم اسی طرح مجھے اپنی دعاؤں میں یاد رکھے، ان شاء اللّٰہ اپنے ملک کے لیے مزید نئی کامیابیاں سمیٹوں گا۔