ویب ڈیسک: 200 سے زائد مسافروں سے بھرے طیارے میں دوران پرواز پائلٹ دل کا دورہ پڑنے سے باتھ روم میں گر گیا اور بعد ازاں اس کی موت واقع ہو گئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق لٹام ائیر لائن کا 56 سالہ پائلٹ ایوان اینڈور 271 مسافروں کو لیکر میامی سے چلی لے جا رہا تھا کہ طیارے کے اڑان بھرنے کے 40 منٹ بعد طیارے کے ساتھی پائلٹ نے مسافروں سے پوچھا کہ کیا آپ میں کوئی ڈاکٹر موجود ہے، لیکن جب پائلٹ ایوان کی طبیعت بہت زیادہ خراب ہوئی تو ساتھی پائلٹ نے طیارے کو ہنگامی طور پر لینڈ کرانے کا فیصلہ کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارے کو پناما کے انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرائی گئی اور فوری طور پر ایک نرس اور ایک ڈاکٹر پائلٹ کو امداد دینے کے لیے طیارے میں پہنچے تاہم وہ پائلٹ کی جان نہ بچا سکے اور انہوں نے بتایا کہ طیارے کے لینڈ کرنے کے بعد ایوان اینڈور کی موت واقع ہوئی، ایوان کی موت دل کا دورہ پڑنے سے واقع ہوئی۔اس دوران طیارے کے تمام مسافروں کو پناما کے ہوٹلز میں قیام کروایا گیا اور پھر اگلے روز طیارے کا آپریشن دوبارہ بحال کیا گیا۔