مانیٹرنگ ڈیسک: قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر افتخار احمد نے ایکس (ٹوئٹر) کے چیف ایگزیکٹو ایلون مُسک سے اکاؤنٹ بند کرنے کی اپیل کردی۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر نواز نامی ایک صارف نے افتخار احمد سے منسوب ایک بیان جاری کیا جس میں لکھا تھا “جب بھی ہمارا بھارت کے خلاف میچ ہوتا ہے ، تو ہمیں ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے ہم گلی کے بچوں کے ساتھ کھیل رہے ہیں”۔
مڈل آرڈر کرکٹر نے ٹوئٹ کا لنک اور اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے اس بیان سے آگاہ کیا گیا ہے جو میں نے کبھی دیا ہی نہیں، درحقیقت کوئی بھی پروفیشنل کرکٹر ایسا نہیں کہے گا۔
افتخار احمد نے کہا کہ برائے مہربانی اس قسم کی غلط اور جھوٹی خبریں پھیلانے سے گریز کریں، انہوں نے مداحوں سے اپیل کی کہ اس اکاؤنٹ کو رپورٹ کیا جائے۔
بیٹر نے ایکس (ٹوئٹر) کے چیف ایگزیکٹو ایلون مُسک کو بھی ٹیگ کرتے ہوئے درخواست کی کہ برائے مہربانی اس اکاؤنٹ پر پابندی لگائی جائے کیونکہ یہ اپنے تصدیق شدہ اکاؤنٹ، بلیو ٹک کا غلط استعمال کررہے ہیں۔
دوسری جانب نواز نامی اکاؤنٹ سے مذکورہ ٹوئٹ ڈیلیٹ کردی گئی ہے۔