ویب ڈیسک: کراچی کو حب ڈیم سے پانی فراہم کرنے والی نہر میں شگاف پڑگیا جس کے باعث کراچی شہر کو پینے کے پانی کی فراہمی رک گئی ہے۔
کراچی کی واٹر کارپوریشن کے ترجمان نے شہر کو پانی کی فراہمی روکے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نہر کے شگاف کو پر کرنے اور مرمت کا کام کرنے کیلئے شہر کو پانی کی سپلائی روک دی گئی ہے۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق نہر میں پانی کی سطح کم ہونے کے بعد مرمت کا کام شروع کیا جائے گا، مرمت کا کام مکمل ہونے میں 24 سے 48 گھنٹے تک وقت لگ سکتا ہے۔
شہریوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر خدشات ظاہر کئے جا رہے ہیں کہ آج جمعرات کے روز شہر کے بیشتر حصوں میں پانی کی قلت شدت اختیار کر جائے گی۔ جن علاقوں میں بدھ کےروز ٹینکروں سے پانی خرید کر کام چلایا گیا وہاں بھی پانی کی قلت گھمبیر ہونے کا خدشہ ہے کیونکہ پانی کی سپلائی محدود ہونے اور انتظامیہ کی جانب سے کریک ڈاون کے سبب ٹینکروں کے لئے بھی پانی لانا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
شہریوں سے کفایت کی درخواست
ترجمان واٹر کارپوریشن نے شہریوں سے پانی احتیاط سے استعمال کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ ٹاؤن اور بعض دیگر علاقوں کو ایس تھری سے پانی کی فراہمی جاری ہے۔ کراچی کو پینے کے پانی کی سپلائی رک گئی ہے، شہری صورتحال کی نزاکت کو سمجھیں اور پانی احتیاط سے استعمال کریں
کراچی کو پانی کی سپلائی بند ہونے سے بعض علاقوں میں شہری پانی کی ایک ایک بوند کو ترس گئے، مرمتی کام کے باعث اورنگی ٹاؤن، سائٹ، بلدیہ، سرجانی سمیت متعدد علاقوں میں پانی کی فراہمی شدید متاثر ہوئی ہے۔ ان علاقوں میں چھوٹے مکانات اور فلیٹوں میں مقیم شہری زیادہ پانی ذخیرہ نہیں کر سکتے، ان کے ہاں موجود پانی کے محدود ذخیرے استعمال ہونے کے بعد پانی کہیں بھی دستیاب نہیں ہو رہا۔
ٹینکر والوں کی چاندی
کراچی میں پانی کی شدید قلت پیدا ہونے سے لوگ ٹینکروں سے پانی خریدنے پر مجور ہو گئے ہیں۔ پانی کی قلت کے باعث ٹینکر والوں نے بھی پانی کی قیمت راتوں رات دوگنا سے بھی زیادہ کر دی ہے۔
ٹینکر مافیا پر کریک ڈاون
اس صورتحال کے پیش نظر مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہر کے مختلف علاقوں مین ٹینکر مافیا پر کریک ڈاون شروع کر دیا ہے۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضٰی وہاب کی پانی چوروں کے خلاف کریک ڈاون کی ہدایت پر گلشن اقبال عظیم گوٹھ میں غیر قانونی ہائیڈرن کے خلاف کاروائی کی گئی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ ہائیڈرنٹ چلانے والے شخص کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے اور اس جمعات کا ایک بْڑا لیڈر اس ایریا میں ہائیڈرنٹ مافیا کی پشت بناہی کر رہا ہے۔
???? تازہ ترین | ایک بار پھر پانی کا بحران۔۔ ہزاروں گیلن پانی ضائع!!
— PakWeather.com (@Pak_Weather) August 16, 2023
حب ڈیم سے کراچی کو یومیہ 100 ملین گیلن پانی فراہم کرنے والی حب کینال میں شگاف پڑ گیا
کینال کا شگاف پر کرنے کے لئے واپڈا نے حب ڈیم سے پانی کی فراہمی معطل کردی۔۔
pic.twitter.com/PNwyeNOLVz