ویب ڈیسک : بلوچستان کابینہ کے ارکان نے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ سیلاب متاثرین فنڈ میں دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ سرکاری ملازمین کی ایک دن کی تنخواہ بھی فنڈ میں دی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان عبد القدوس بزنجو کی زیرِ صدارت اجلاس میں تنخواہ سیلاب متاثرین فنڈ میں دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں کابینہ نے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 15 فیصد اضافے کی منظوری دے دی۔تنخواہوں میں اضافے کا اعلان رواں سال کے بجٹ میں کیا گیا تھا۔ منظوری کا اطلاق یکم جولائی 2022 سے ہوگا۔
علاوہ ازیں صوبائی کابینہ نے سیکرٹری ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو مجسٹریٹ اختیارات اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو بھی فرسٹ کلاس مجسٹریٹ کے اختیارات کی منظوری دے دی۔ سیکرٹری پی ٹی اے اور آر ٹی اے کو اختیارات ٹرانسپورٹ فورس کے تناظرمیں دیے گئے۔
6 اگست کو وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی فنڈ قائم کرتے ہوئے مخیر حضرات سے تعاون کی اپیل کی تھی۔
وزیر اعظم نے کہا تھا کہ سیلاب کی تباہی کا شکار اہلِ وطن کی مدد کریں، تاریخی بارشوں نے سیلاب کی صورت قیامت صغریٰ برپا کی ہے، صوبے میں غیر معمولی تباہی ہوئی، سندھ، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بے تحاشہ نقصانات ہوئے ہیں۔