ویب ڈیسک:وزیرداخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر کی سفارش پر ڈی آئی جی جیل راولپنڈی ریجن عبد الرؤف اور سپریٹنڈنٹ سینٹرل اڈیالہ جیل راولپنڈی چوہدری اصغر علی کو عہدے سے ہٹادیا گیا ہے۔
وزیرداخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر نے اڈیالہ جیل راولپنڈی کے دورے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اڈیالہ جیل میں میڈیا ٹاک کے بعد مجھے کچھ باتوں کا پتہ چلا ہے، انہوں نے کہا کہ میرے علم میں آیا ہے کہ جیل داخلے کی پہلی رات شہباز گل کو غیرقانونی طور پر چکی میں رکھا گیا، ایسا سلوک کسی بھی قیدی کے ساتھ نہیں ہونا چاہیے۔
وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ ایسا سلوک روا رکھنے پر ڈی آئی جی جیل اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو عہدے سے ہٹانے کی سفارش کردی ہے۔بعد ازاں راجہ بشارت نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ ڈی آئی جی اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو سیاسی قیدی شہباز گل کے ساتھ ہونے والے غیر قانونی اقدامات کے بارے میں مجرمانہ خاموشی پر ان کے عہدوں سے ہٹادیا گیا ہے۔