پنجاب میں پابندیوں کے بعد حکومت کا ایک اور اہم فیصلہ

17 Aug, 2021 | 07:10 PM

M .SAJID .KHAN

(سٹی42)پنجاب حکومت کا چار بڑے شہروں میں بند مزارات ایس او پیز کے تحت کھولنےکے لئے این سی او سی کو سفارشات بھیجنے کا فیصلہ،لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان میں محکمہ اوقاف کے زیرانتظام 189مزارات بند کئے گئے تھے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے ایک اور اہم فیصلہ کرتے چار بڑے شہروں میں بند مزارات کھولنے کا فیصلہ کیا اس حوالے سے  این سی او سی کو سفارشات بھیجیں جائیں گی،فیصلہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس میں کیا گیا،چیف سیکرٹری پنجاب، تمام ڈویژنل کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری پرائمری ہیلتھ، سیکرٹری اوقاف، سی سی پی او لاہور اورمتعلقہ افسران بھی اجلاس میں شریک ہوئے،اجلاس میں کورونا وباء کی صورتحال، ہسپتالوں میں طبی سہولیات اور ویکسی نیشن مہم کا جائزہ لیاگیا،16سے18سال تک کی عمر کے طلبہ کی ویکسی نیشن کے لئےاین سی او سی سے اجازت لینے کا بھی فیصلہ کیاگیا۔

ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہناتھا کہ کورونا کی چوتھی لہر کے دوران کیسز میں اضافہ ہو رہاہے،ڈیٹا کے مطابق ہسپتالوں میں داخل 88فیصد مریض نان ویکسی نیٹڈ ہیں،جن مریضوں نے ایک ڈوز لگوائی ہے ان کی حالت بھی نان ویکسی نیٹڈ سے بہتر ہے،اعداد و شمار سے ثابت ہوتا ہے ویکسین کورونا کے خلاف انتہائی موثر ہے،وفاقی حکومت نے محکمہ صحت پنجاب کو 11آکسیجن جنریٹرز فراہم کر دیئے ہیں۔

صوبائی وزیرصحت کا مزید کہناتھا کہ چیف سیکرٹری کی لاہور، فیصل آباد اور سرگودھا کے کمشنرز کو ویکسی نیشن کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی گئی،چیف سیکرٹری نے اس موقع پر کہا کہ ویکسی نیشن ہی کورونا وباء سے نجات حاصل کرنے کا واحد حل ہے،مائیکرو پلانز کے ذریعے روزانہ پانچ لاکھ ویکسین لگانے کا ہدف حاصل کیا گیا تھا۔

چیف سیکرٹری نے بتایا کہ پانچ لاکھ ویکسین روزانہ کے ہدف کو ہر صورت پورا کرنا ہوگا،لوگوں کی صحت اور زندگیوں کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے،ویکسین سے متعلق ڈیٹا انٹری کو روزانہ کی بنیاد پر یقینی بنایا جائے۔

سیکرٹری پرائمری ہیلتھ سارہ اسلم کا کہناتھا کہ پیر کے روز دو لاکھ 92ہزارایک سو 95افراد کو ویکسیئن لگائی گئی،  اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کورونا کی چو تھی لہر کے دوران اس وقت ہسپتالوں میں 2122مریض زیر علاج ہیں، 274مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

سیکرٹری اوقاف نے کہا کہ پنجاب میں محکمہ اوقاف کے زیر انتظام 546مزارات ہیں،چوتھی لہر کے بعد لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان میں 189مزارات کو بند کر دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے9اور10محرم کوڈبل سواری پرپابندی عائدکردی،9اور10محرم کوجلوس کےروٹس پرموبائل فون سروس بھی بندہوگی،ڈبل سواری پرپابندی ہوگی، نویں اور دسویں محرم کو دفعہ 144 نافذ ہوگی۔

مزیدخبریں