شہریوں کی سہولت کیلئے بلدیہ ایپ آپریشنل کردی گئی

17 Aug, 2020 | 07:13 PM

Malik Sultan Awan

(راؤ دلشاد حسین) قطار نہ انتظار، محکمہ بلدیات نے بلدیہ آن لائن ایپ آپریشنل کردی، گھر بیٹھے ہی برتھ سرٹیفکیٹ حاصل کیا جاسکے گا۔
محکمہ بلدیات نے شہریوں کی سہولت کے لیے بلدیہ آن لائن ایپ آپریشنل  کردی لیکن ایپ سے کس طرح مستفید ہوا جاسکتاہے؟ بلدیہ مستحکم پنجاب مستحکم کے سلوگن کے تحت آپریشنل کی گئی ایپ کو کس طرح استعمال میں لایاجاسکتاہے اور اسکے فیچرز کیا ہیں؟ اس حوالے سے چیف کارپوریشن آفیسر ایم سی ایل سید علی عباس بخاری کہتے ہیں کہ شہریوں کو برتھ، ڈیتھ، میرج اور طلاق سرٹیفکیٹس گھر بیٹھے میسر آسکیں گےجبکہ بلدیاتی اداروں سے متعلق شکایات بھی اپ لوڈ کی جاسکتی ہیں۔
بلدیہ آن لائن ایپ پر پہلےسائل نے برتھ سرٹیفکیٹ کےحصول کے لیے درخواست اپ لوڈ کردی، فیکٹری ملازم شہری حسنین نے اپنےبچے کے برتھ سرٹیفکیٹ کےلیے درخواست جمع کرائی۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے شہری حسنین کو فون کرکے مبارکباد پیش کی۔
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کہتےہیں کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار بلدیہ آن لائن ایپ کا رواں ہفتے باقاعدہ افتتاح کریں گے،شہریوں کی سہولت کے لیے بلدیہ آن لائن ایپ تیار کی گئی ہے۔ بلدیہ آن لائن ایپ کے علاوہ شہر میں 111 فیلڈ آفسزسے بھی برتھ سرٹیفکیٹ حاصل کیا جاسکےگا۔ بلدیہ آن لائن ایپ سے شہریوں کو گھر کی دہلیز پر مطلوبہ سرٹیفکیٹس مل سکیں گے۔

مزیدخبریں