( عابد چوہدری ) شہر میں مسلح افراد کا ہوائی فائرنگ کرنا معمول بن گیا، ساندہ میں ناصر جٹ اور اور سمن آباد میں منچلے نوجوان ہوائی فائرنگ کرتے رہے جبکہ ویڈیوز کے باوجود پولیس حرکت میں نہ آئی۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کی تمام تر کارروائیوں کے باوجود ہوائی فائرنگ کی ویڈیوز بنانا ٹرینڈ بن گیا ہے، منچلے شہری ہوائی فائرنگ کی ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کررہے ہیں۔ اس طرح شہر میں مسلح افراد کی جانب سے ہوائی فائرنگ کے واقعات بڑھتے جا رہے ہیں، پولیس اور ڈولفن شہر کا امن قائم رکھتے دکھائی نہیں دے رہے۔
ساندہ کے علاقہ میں ناصر جٹ نامی شخص کی ہوائی فائرنگ کی ویڈیوز وائرل ہوگئی۔ ملزم ناصر جٹ عرف بگیاڑ نے ہوائی فائرنگ کی وڈیو سوشل میڈیا پر اپلوڈ کی۔ ویڈیو میں ناصر جٹ نامی شہری کو اسلحہ سے فائرنگ کرتے واضح دیکھا جاسکتا ہے جبکہ ناصر جٹ نامی شہری کی فائرنگ سے علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
اسی طرح سمن آباد میں بھی مسلح نوجوان کی ہوائی فائرنگ کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نوجوان شاکر روڑ پر اندھا دھند ہوائی فائرنگ کرتا رہا جبکہ ویڈیوز کے باوجود پولیس حرکت میں نہ آئی اور نہ ہی ملزمان گرفتار ہو سکے۔