بیوی سے جھگڑا،سنگدل باپ نے 6 ماہ کے بیٹے کو دیوار سے پٹخ کر ماردیا

17 Aug, 2020 | 11:37 AM

Azhar Thiraj
Read more!

حسن خالد : لاہور کے علاقے نادر آباد میں گھریلو جھگڑے پرسنگ دل باپ نے اپنے 6 ماہ کے بیٹےکو دیوار سے پٹخ کر مار ڈالا۔


پولیس کے مطابق نادرآباد کے رہائشی نوید کا بیوی سے جھگڑا ہوا جس پر ملزم نوید نے طیش میں آکر اپنے 6 ماہ کے لخت جگر فیضان کو دیوار کے ساتھ پٹخ دیا جس سے بچے کی حالت غیر ہوگئی اور اسے تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا۔


پولیس نے بچےکی ماں کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزم کوگرفتار کرلیا۔ پولیس کا کہنا ہےکہ ملزم اپنی بیوی کے کردار پر شک کرتا تھا اور ان دونوں کے درمیان اکثر جھگڑا رہتا تھا، پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی گئی۔

یاد رہے رائے ونڈ کے علاقہ امین پورہ کے رہائشی محنت کش غلام رسول کی 2 سالہ بیٹی آمنہ کو دو افراد شبیر حسین اور محسن نے کھیتوں میں لیجا کر جان سے مارنے کی کوشش کی۔ بچی کے چیخنے کی آواز سن کر محلے دار پہنچ گئے جنہوں نے ملزمان کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔ 

عینی شاہد کے مطابق ملزمان دو سالہ آمنہ کو انتہائی بے دردی کیساتھ مار رہے تھے بچی کے جسم پر تشدد کے نشانات بھی پائے گئے۔ پولیس نے بچی کے والد غلام رسول کی مدعیت میں ملزمان شبیر حسین، محسن اور بچی کی والدہ نازیہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ایف آئی آر کے مطابق آمنہ کو جان سے مارنے کے واقعہ میں اسکی والدہ کی معاونت بھی شامل ہے جبکہ پولیس نے حقائق جاننے کیلئے تفتیش شروع کردی ہے۔ 

مزیدخبریں