فریال تالپور کے ساتھ ناروا سلوک کیخلاف جیالے سراپا احتجاج

17 Aug, 2019 | 10:18 PM

Arslan Sheikh

( سعدیہ خان ) فریال تالپور کے ساتھ ناروا سلوک کیخلاف پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کا احتجاجی مظاہرہ، اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ بیمار فریال تالپور کو آدھی رات کو جیل بھیجنا ظلم ہے، حکومت نازک موقع پر قوم کو تقسیم نہ کرے۔

بیمار فریال تالپور کی ہسپتال سے رات کے وقت جیل منتقلی کیخلاف پیپلز پارٹی پنجاب شعبہ خواتین نے لاہور میں احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرے کی قیادت ثمینہ خالد گھرکی، نرگس فیض ملک اور دیگر رہنما خواتین نے کی جبکہ سینئر رہنما اعتزاز احسن نے خصوصی شرکت کی، خواتین جیالیوں نے حکومت کے خلاف خوب نعرے بازی کی۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ ایک بار پھر امتیازی سلوک ہورہا ہے، نیب نے نواز شریف اور شہباز شریف کو گرفتار کیے بغیر تحقیقات کیں جبکہ آصف زرداری اور فریال تالپور کو پہلے ہی گرفتار کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے کوئی این آر او نہیں مانگتے، ہمارا مطالبہ صرف یہ ہے کہ ہمیں انصاف دیا جائے، عدالتوں اور نیب کو حکومت کے دباؤ سے آزاد رکھا جائے۔ اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر ثمینہ گھرکی کا کہنا تھا کہ فریال بی بی کو آدھی رات کے وقت جیل میں ڈال کر کس دباؤ کے تحت قانون کی دھجیاں اڑائیں گئیں، فریال تالپور اور آصف زرداری کی رہائی تک احتجاج جاری رکھیں گے۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ پیپلز پارٹی میں انیس سو اٹھاسی کا دور واپس لانا ہے، بلاول بھٹو جلد ہی پنجاب کا دورہ کرکے پارٹی کو منظم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو زیر بحث لانے پر چائنہ اور سلامتی کونسل کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

مزیدخبریں