سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

17 Aug, 2019 | 06:50 PM

Arslan Sheikh

( سٹی 42 ) شہر کے صرافہ بازاروں اور مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں نے گزشتہ تمام ریکارڈ پاش پاش کردیئے، ایک ہزار ایک سو روپے مزید اضافے کے بعد خالص چوبیس قیراط فی تولہ سونے کی قیمتیں ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح نواسی ہزار ایک سو روپے تک پہنچ گیئں۔

تفصیلات کے مطابق شہر کے صرافہ بازاروں میں تجارتی سرگرمیاں مندی مگر قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔ کاروباری ہفتے کے آخری روز فی تولہ سونے کی قیمت میں ایک ہزار ایک سو روپے کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد خالص چوبیس قیراط فی تولہ سونے کی قیمتیں ملک میں پہلی بار نواسی ہزار ایک سو روپے ہوگئیں جبکہ بائیس قیراط فی تولہ سونا اکیاسی ہزار پانچ سو روپے کا ہوگیا۔

رواں کاروباری ہفتے کے دوران مقامی صرافہ بازاروں میں سونا مجموعی طور پر ایک ہزار سات سو روپے مہنگا ہوا ہے جبکہ عالمی مارکیٹ میں ایک ہفتے کے دوران گیارہ ڈالر فی اونس سونا مہنگا ہوا ہے۔ صدر لاہور ڈویژن صرافہ ایسوسی ایشن حاجی محمد افضل نے کہا ہے کہ سونے کی قیمتیں نوے ہزار سے بھی بڑھ جائیں گی۔

دوسری جانب متوسط طبقے نے سونے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر سرپکڑ لیے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شادیوں پر سونے کے زیورات معاشرتی روایت ہیں، سونے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ تباہ کن ہے۔

مزیدخبریں