سٹی 42 : این ڈی ایم اے نے پیشگوئی کی ہے کہ اسلام آباد مارگلہ ہلز پر گزشتہ روز آنے والے بادل ’کلومونمبس‘ 18 اور 19 اپریل کو ایک بار پھر نمودار ہوں گے۔
این ڈی ایم اے نے 18 اور 19 اپریل کو ایک اور موسمی پیٹرن کی بھی پیشگوئی کردی ہے۔
این ڈی ایم اے کے ٹیکنیکل ونگ ہیڈ ڈاکٹر طیب نے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ کل ہونے والی ژالہ باری، طوفان ایک غیر معمولی عمل تھا، اس کا براہ راست تعلق بڑھے درجہ حرارت سے ہے، بڑھتا درجہ حرارت ہمیشہ موسمیاتی تبدیلی لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتے درجہ حرارت میں موسمیاتی شدت ایک حقیقت بن چکی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مارگلہ ہلز پر کل کے بادل کلومونمبس ایسے بادل ہیں جو بہت گھنے ہوتے ہیں، ان بادلوں سے فضاء میں اندھیرا بھی چھایا تھا، فضاء میں اندھیرا نشاندہی تھی کہ یہ کلومونمبس بادل ہیں، یہ بڑے گہرے بادل ہوتے ہیں جو زمین کے قریب بنتے ہیں، پہاڑ انکے سامنے رکاوٹ بنتے ہیں، جہاں پہاڑ نے بادلوں کو روکا تو وہاں جو ژالہ باری کے گولے تھے وہ فوراً گرے۔
انہوں نے کہا کہ 18 اور 19 اپریل کو دوبارہ یہ موسمی پیٹرن بنے گا، شام کے اوقات میں خطہ پوٹھوہار اور مارگلہ ہلز کے پاس شدید ژالہ باری کی توقع ہے، اس کے علاوہ تیز ہواؤں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، کم وقت میں زیادہ بارش کی توقع ہے۔
نشینل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر الرٹ
این ای او سی نے شدید بارش، ژالہ باری اور آندھی سے متعلق الرٹ جاری کردیا، جس کے مطابق 18 اور 19 اپریل کو شدید بارش اور بعض مقامات میں ژالہ باری کا امکان ہے۔
این ای او سی نے اسلام آباد، راولپنڈی سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں شدید موسمی صورت حال کی وارننگ جاری کردی ہے۔ جس کے تحت پنجاب کے علاقے بشمول اٹک، چکوال، گجرات، جہلم میں آندھی طوفان اور ژالہ باری ہو سکتی ہے، جبکہ وسطی پنجاب کے علاقے فیصل آباد، حافظ آباد، جھنگ، خوشاب، میانوالی، لاہور، نارووال، ساہیوال، سرگودھا اور شیخوپورہ بھی شدید موسمی زد میں آ سکتے ہیں ۔
این ای او سی کے مطابق تیز ہواوں اور بارش سے بجلی کی بندش اور حادثات کا خدشہ ہے، پنجاب میں ممکنہ شدید موسمی صورت حال کے باعث فصلوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ موسمی حالات سے آگاہ رہنے کے لیے موبائل ایپ این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ کو فالو کریں۔ عوام اس دورانیے میں غیر ضروری سفر سے پرہیز کرے، کسان فصلوں کو نقصان سے بچانے کے لیے ضروری پیشگی انتظامات رکھے، آندھی و طوفان کی صورت میں کمزور عمارتوں اور درختوں سے دور رہیں۔