ملک اشرف : بغیر اختیار گائنی کی پریکٹس کر نے والے ڈاکٹر غلام اصغر کا لائسنس منسوخ اور 25 لاکھ جرمانہ کرنے کا معاملہ ، لاہور ہائیکورٹ میں پاکستان میڈیکل ٹرییونل کی تشکیل اور ڈاکٹر کے خلاف کاروائی معطل کروانے کی درخواست پر سماعت ،جسٹس شمس محمود مرزا نے کیس جسٹس حسن نواز مخدوم کی عدالت بھجوانے کی سفارش کرتے ہوئے فائل چیف جسٹس کو بھجوادی۔
جسٹس شمس محمود مرزا نے ڈاکٹر غلام اصغر کی درخواست پر ابتدائی سماعت کی ،درخواست گزار کی جانب سے نوشاب اے خان ایڈوکیٹ پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے درخواست گزار کو گائنی کی پریکٹس کرنے پر سزا سنائی ، پی ایم ڈی سی نے ڈاکٹر غلام اصغر کا لائسنس منسوخ اور 25 لاکھ جرمانہ کا حکم دیا ،پی ایم ڈی سی کے آرڈرز کے خلاف میڈیکل ٹریبیونل میں رجوع کررکھا ہے، پاکستان میڈیکل ٹریبیونل اس وقت فعال نہیں ہے ، درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت وفاقی حکومت کو پاکستان میڈیکل ٹریبیونل کی تشکیل کا حکم دے ، مزید استدعا کی گئی کہ عدالت پاکستان میڈیکل ٹربیونل کی تشکیل تک درخواست گزار کو دی گئی سزا کا حکم معطل کرنے کا حکم دے، جسٹس شمس محمود مرزا نے ریمارکس دئیے کہ اس نوعیت کے کیس کی سماعت جسٹس حسن نواز مخدوم کرچکے ہیں ، مناسب ہوگا کہ وہی کیس کی سماعت کریں۔