ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

کہیں بارش کہیں دھوپ, محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا

کہیں بارش کہیں دھوپ, محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42:محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم رات کے وقت بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

شہر لاہور میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ہوائیں 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔ گزشتہ رات چلنے والی آندھی کے باعث فضائی آلودگی میں معمولی کمی دیکھی گئی تاہم شہر اب بھی فضائی آلودگی کے اعتبار سے پاکستان کے دوسرے نمبر پر موجود ہے۔فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 149 ریکارڈ ,پولو گراؤنڈ کینٹ میں 183 اور سید مراتب علی روڈ پر 161 کی شرح ریکارڈ ہوئی ہے.

گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ انہیں دن کے گرم اوقات میں غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلنے، پانی، لیموں پانی اور مشروبات کا زیادہ استعمال کرنے، ہلکے، سوتی اور کھلے کپڑے پہننے کی سفارش کی گئی ہے۔ ساتھ ہی سر کو ڈھانپ کر رکھنے اور چھتری یا ٹوپی کا استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

شہر قائد میں بھی گرمی کی شدت برقرار ہے۔ آج کراچی کا موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے جبکہ وقفے وقفے سے تیز ہوائیں چلنے کی پیشگوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر  کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈاور  کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔جنوب مغرب سے 23 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 70 سے 80 فیصد کے درمیان ہے۔ کراچی کا فضائی معیار فی الحال تسلی بخش ہے تاہم اے کیو آئی کی رپورٹ کے مطابق شہر پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں چوتھے نمبر پر آ چکا ہے۔ موجودہ فضائی آلودگی کی سطح 97 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد اور گرد و نواح میں دن کے وقت موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ پنجاب کے بیشتر اضلاع بھی گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ مری، گلیات اور گرد و نواح میں جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

سندھ کے بالائی اور وسطی اضلاع شدید گرمی کی لہر کی زد میں رہیں گے جہاں درجہ حرارت معمول سے 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم شام یا رات کے وقت ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان اور گرد و نواح میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام، بونیر، کرم، باجوڑ اور مہمند میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہے۔کشمیر اور گلگت بلتستان میں دن کے دوران موسم خشک رہے گا جبکہ رات میں جزوی ابر آلود موسم اور بارش کا امکان ہے۔