(اویس کیانی،علی رامے) اوور بلنگ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ملک بھر میں اوور بلنگ پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا حکم دیدیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اوور بلنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، پاکستان بھر میں اوور بلنگ میں ملوث عملے کیخلاف بلا امتیاز ایکشن کا حکم دیا ہے،ملک بھر میں بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا بھی حکم دیا اور ایف آئی اے کے افسروں کو اوور بلنگ اور بجلی چوروں کے خلاف 100 فیصد کارکردگی دکھانے کی ہدایت کردی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اوور بلنگ عوام سے ظلم کے مترادف ہے، ملوث عملہ کسی رعایت کا مستحق نہیں، اوور بلنگ کے معاملے پر عوام کو فوراً ریلیف دیا جائے،انہوں نے مزید کہا کہ بجلی چوری کے واقعات پر قابو پانے کیلئے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے حساس علاقوں میں ایف آئی اے کو سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔