ملک میں اشیا ضروریہ کی بیرون ملک سمگلنگ کسی صورت قبول نہیں، شہباز شریف

17 Apr, 2023 | 07:32 PM

Bilal Arshad

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ ملک میں اشیا ضروریہ کی بیرون ملک سمگلنگ کسی صورت قبول نہیں،سمگلنگ کے مکروہ دھندے میں ملوث افراد کے خلاف فوری آپریشن کیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت چینی، گندم، آٹے، یوریا سمگلنگ کی روک تھام کیلئے اجلاس ہوا،وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ ملک میں اشیا ضروریہ کی بیرون ملک سمگلنگ کسی صورت قبول نہیں،سمگلنگ کے مکروہ دھندے میں ملوث افراد کے خلاف فوری آپریشن کیا جائے،سمگلنگ کی روک تھام کیلئے لائحہ عمل 2 دن میں پیش کیا جائے۔

  وزیراعظم نے سمگلنگ کو روکنے سے متعلق سست روی سے کام لینے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہاکہ کے پی ، بلوچستان کے سرحدی اضلاع میں چیک پوسٹوں کی تعداد بڑھائی جائے،سمگلنگ کیلئے استعمال ہونے والے گوداموں کیخلاف کارروائی کی جائے، بین الاقوامی بارڈر پر بہترین شہرت کے ایماندار افسران تعینات کئے جائیں،کرپٹ سمگلنگ میں ملوث افسران کو ہٹاتے وقت کسی قسم کا دباﺅ قبول نہ کیا جائے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ سمگلنگ کی روک تھام کیلئے ضروری قانون سازی کیلئے مسودہ جلد پیش کیا جائے،اینٹی سمگلنگ کورٹس کو فوری طور پر فعال اور موثر بنایا جائے ،

انہوں نے کہاکہ ملک کو اربوں ڈالروں کا نقصان پہنچانے والوں کو قرارواقعی سزا دیں گے ،چیف سیکرٹریز صوبوں کے سرحدی اضلاع میں ان اشیا کی طلب کے اعشاریے فراہم کریں ، سرحدی اضلاع سے رسد حد سے تجاوز نہ کرے،دوران آپریشن پکڑی جانیوالی چینی، یوریا کو حکومت کے تعین شدہ نرخ پر فروخت کیا جائے۔

مزیدخبریں