ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم پاکستان اور پنجاب حکومت کے تاریخ ساز مفت آٹا پیکیج سے 3 کروڑ 10 لاکھ خاندان مستفید ہوئے۔
تفصیلات کےمطابق محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب بھر میں 4 کروڑ 11 لاکھ سے زائد آٹے کے تھیلے مفت تقسیم کیے گئے۔مفت آٹے کی فراہمی ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا پیکیج ہے۔مفت آٹا پیکیج کی کامیابی پر میں پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔وزیراعظم پاکستان اور پنجاب حکومت کے مفت آٹا پیکیج کے تحت شہریو ں کو ریلیف ملا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبائی وزراء، انتظامی و پولیس افسران و عملے نے دن رات محنت کی اور شہریوں کو مفت آٹے کی فراہمی کو یقینی بنایا۔پنجاب حکومت کی انتظامی و پولیس ٹیم نے بہترین کوآرڈینیشن سے اس پیکیج کو کامیاب بنایا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹریز اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی کارکردگی قابل ستائش ہے، جبکہ آر پی اوز، کمشنرز، سی پی اوز، ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز نے بھی جانفشانی سے کام کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی وزراء اور افسران کی فیلڈ میں موجودگی سے آٹے کی فراہمی کا عمل بلا تعطل جاری رہا۔میں خود بھی فیلڈ وزٹ کرتا رہا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔شہریوں کی شکایات پر فوری ایکشن لیا گیا اور موقع پر ہی شکایات کا ازالہ کیا گیا۔