ویب ڈیسک: عید نزدیک آتے ہی اپنوں کے ساتھ عید منانے کی خواہش رکھنے والے پردیسی مسافر بھی اب پریشان بیٹھے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کینٹ اسٹیشن پر ریزرویشن آفس میں مسافروں کی لمبی قطاریں لگ چکی ہیں۔ کوئی 2، کوئی 4 تو کوئی 6 گھنٹے سے لائن میں لگا ٹکٹ ملنے کا منتظر ہے۔
محکمہ ریلوے کے تحت چلنے والی ٹرینوں کی بکنگ مکمل ہوگئی جس کی وجہ سے گاڑیوں میں جگہ ختم ہوگئی ہے۔ ہر گاڑی کے ساتھ ایک ایکسٹرا ڈبہ لگایا جانے لگا ہے۔ ایکسٹرا ڈبے میں بھی ٹکٹ کا حصول انتہائی مشکل ہوکر رہ گیا ہے۔
کئی گھنٹے سے پریشان مسافروں کا کہنا ہے کہ 2 گھنٹے سے اس امید پر بیٹھے ہیں کہ اوپن ٹکٹ مل جائے، ابھی تک کچھ پتا نہیں کہ ٹکٹ ملے گا یا پھر نہیں۔ یہی کہا جارہا ہے انتظار کریں، اب تو انتظار بھی طویل ہوگیا ہے۔
مسافروں کا مزید کہنا تھا کہ محنت مزدوری کی غرض سے سال بھر یہاں رکتے ہیں، عید کا ہی موقع ہوتا ہے جب اپنوں کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع ملتا ہے۔