وفاقی کابینہ کی تشکیل مزید تاخیر کا شکار

17 Apr, 2022 | 04:11 PM

ویب ڈیسک:حکومت میں شامل اتحادیوں کے درمیان وزارتوں کا معاملہ حل نہیں ہوسکا جس کی وجہ سے وفاقی کابینہ کی تشکیل مزید تاخیر کا شکار ہوگئی ہے۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ کی تشکیل مرحلہ وار ہوگی۔جن وزراء کے ناموں پر اتفاق ہوجائے گا پہلے وہ حلف اٹھائیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے لیگی وزراء کے قلمدانوں کا فیصلہ پارٹی قائد نواز شریف کے سپرد کیا تھا۔ نواز شریف نے وفاقی کابینہ کے پہلے مرحلے کی منظوری دے دی ہے۔

پیپلز پارٹی سمیت اتحادیوں کے وزراء کے قلمدان بھی فائنل کرنے کے لئے مشاورت جاری ہے۔(ن) لیگی ذرائع کا کہنا ہے کہ چھوٹے اتحادی پسند کی وزارتیں چاہتے ہیں، ایم کیو ایم پورٹس اینڈ شپنگ اور ہاؤسنگ کی وزارتیں چاہتی ہے۔

اس کے علاوہ جے یو آئی (ف) کی شاہدہ اختر علی ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کی خواہش مند ہیں جب کہ بلوچستان نیشنل پارٹی کے آغا حسن بلوچ کی نظریں بھی ڈپٹی اسپیکر کی نشست پر ہیں۔وزیر اعظم شہباز شریف رات گئے تک وزراء کے قلمدان فائنل کر لیں گے

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیر کو وفاقی کابینہ کے حلف اٹھائے جانے کا امکان ہے۔دوسری جانب پیپلز پارٹی کی ترجیح وزارتوں کے بجائے اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور چیئرمین سینیٹ کے آئینی عہدے ہیں۔

واضح رہے کہ شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا قلمدان سنبھالے 6 روز ہوچکے ہیں لیکن تاحال کابینہ کی تشکیل عمل می نہیں آسکی۔

مزیدخبریں