(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ بیک وقت باپ وزارت عظمیٰ اور بیٹا وزارت اعلیٰ کے منصب پر فائز ہوئے ہیں۔
پاکستان میں خاندانی سیاست کی ریت پرانی ہے جہاں ایک ہی گھر میں وزارت عظمیٰ اور وزارت اعلیٰ کا منصب مہربان رہ چکا ہے،پنجاب سے شریف فیملی میں محمد نوازشریف اور شہبازشریف دونوں بھائی وزارت اعلیٰ کے منصب پر فائز رہ چکے ہیں، میاں محمد نوازشریف تین بار وزارت عظمیٰ کا عہدہ بھی سنبھال چکے ہیں لیکن پاکستان کی تاریخ میں ایسا کبھی نہیں ہوا کہ بیک وقت باپ وزیراعظم اور بیٹا وزیراعلیٰ رہا ہو تاہم گزشتہ رات وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز کے وزیراعلی منتخب ہوتے ہی پاکستان میں نئی سیاسی تاریخ رقم ہوگئی۔
ماضی میں سندھ سے پیپلزپارٹی کے بانی ذولفقار علی بھٹو ملک کے وزیراعظم کی نشست سنبھال چکے ہیں، ان کے خاندان میں یہ عہدہ ان کی بیٹی بے نظیر بھٹو کے حصے میں رہ چکا ہے جس کے بعد بے نظیر بھٹو کے خاوند آصف علی زرداری بھی صدر مملکت کے عہدے پر ذمہ داریاں ادا کرچکے ہیں۔اس کے علاوہ چودھری شجاعت وزیراعظم جبکہ ان کے کزن پرویز الٰہی ڈپٹی وزیراعظم رہے ہیں اور وہ وزیراعلیٰ پنجاب بھی رہے ہیں۔
واضح رہےکہ11 اپریل2022 کو عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد ن لیگ کے صدر شہباز شریف وزیراعظم پاکستان منتخب ہوئے تھے جبکہ حمزہ شہباز گزشتہ رات وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوئے ہیں آج وہ اپنے عہدے کا حلف اُٹھائیں گے۔