سٹی 42:اسکیم موڑ پر احتجاج کےباعث بدترین ٹریفک جام، شہریوں کو مشکلات کا سامنا،پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کو تعینات کردیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق اسکیم موڑ پر احتجاج کےباعث بدترین ٹریفک جام، بابو صابو اور ٹھوکر جانے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کو تعینات کردیا گیا،دبئی چوک سے اسکیم موڑ جانے والے راستے کو کنٹینر لگا کر سیل کر دیا گیا ہے, شہر میں موبائل سگنل بند ہونے کے باعث بھی شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
دبئی چوک سے اسکیم موڑ جانےوالا راستہ سیل ہونے کے باعث بھیکے والا اور ملحقہ علاقوں سے بابو صابو اور ٹھوکر نیاز بیگ جانے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرناپڑا۔ موبائل سروس بند ہونے کے باعث شہر روڈ کھلا ہونے کی امید لگائےشہری اسکیم موڑ تک پہنچے مگر انہیں مایوس لوٹنا پڑتا.
شہری ایک سڑک سے دوسری سڑک اپنی منزل تک پہنچنے کی جستجو میں مصروف دکھائی دیئے اورمنٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرنا پڑا جبکہ اسکیم موڑ پر احتجاج کےباعث تاجروں نے کاروبار بند رکھے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے پولیس اور رینجرز کو تعینات کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب لاہور شہر کا بڑا حصہ آج بھی موبائل اور انٹرنیٹ سروسز سے محروم ہے،یتیم خانہ چوک کے اطراف میں10کلومیٹر کا علاقہ جس میں بند روڈ،گلبرگ شادمان، گارڈن ٹاؤن،فیصل ٹاؤن ،اچھرہ ،مزنگ،لٹن روڈ، سمن آباد ،اقبال ٹاؤن ،ساندہ ،چوبرجی ،سبزہ زار ، جیل روڈ ،مال روڈ ،ریواز گارڈن ،داتا دربار کے علاقے میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز معطل ہے۔
محکمہ داخلہ نے تحریک لبیک کی ہر قسم کے وال چاکنگ مٹانےکا حکم دے دیا جس پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تحریک لبیک کے بینر پوسٹر اور سٹیکر اتار دیئے گئے۔