نشتر پارک (حافظ شہبازعلی) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم بھی اپنی اہلیہ شنیرا سے طویل جْدائی پر اُداس ہوگئے۔
حال ہی میں شنیرا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں ایک معمر جوڑا طویل عرصے کی جدائی کے بعد ملا۔ویڈیو میں دِکھایا گیا تھا کہ ایک معمر شخص نے اپنی اہلیہ سے اچانک ملاقات کرکے اْسے زندگی کا بہترین تحفہ دیا۔ وسیم اکرم نے اہلیہ کے اس خوبصورت ٹوئٹ کے جواب میں جذباتی ہوتے ہوئے لکھا کہ میں بھی آپ کو اور عائلہ کو بہت زیادہ مِس کرتا ہوں۔سابق کپتان نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ 'اْمید ہے کہ میں گورڈن (معمر شخص) کی رفتار کو برقرار رکھ سکتا ہوں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں شنیرا نے انسٹاگرام پر وسیم اکرم کے ہمراہ اپنی یادگار تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا تھا کہ ہم 145 دن سے الگ رہے ہیں اور یہ اب تک کی ہماری طویل علیحدگی ہے۔
شنیرا نے لکھا تھا کہ اگرچہ میرا دل روزانہ ٹوٹتا ہے لیکن مجھ میں ہمت ہے اور مجھے یقین ہے کہ یہ دنیا جلد ہی اپنی پریشانیوں کا خاتمہ کر دے گی کیونکہ ایسے لوگ بھی موجود ہیں جو ہم سے کہیں زیادہ ہمت ہار گئے ہیں۔
اْنہوں نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں وسیم اکرم کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا تھا کہ وسیم! آپ بہت زیادہ یاد آرہے ہیں آپ تصور بھی نہیں کرسکتے ہیں، آپ ہمارے لیے سب کچھ ہیں۔
خیال رہے کہ شنیرا اور اْن کی بیٹی عائلہ گزشتہ کئی ماہ سے آسٹریلیا میں پھنسی ہوئی ہیں جبکہ اْن کے شوہر وسیم اکرم پاکستان میں موجود ہیں۔آسٹریلوی حکومت نے کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر آسٹریلیا کی بارڈرز بند کی ہوئی ہیں، یہی وجہ ہے کہ شنیرا اس قدر اپنے شوہر وسیم اکرم کو یاد کررہی ہیں۔