’ہم سب کو مل جل کر مسائل حل کرنا ہوں گے‘

17 Apr, 2020 | 08:24 PM

Arslan Sheikh

( علی اکبر ) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالہٰی کی زیر صدارت کورونا وائرس پر آل پارٹیز کی خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا تیسرا ویڈیو لنک اجلاس، عبد العلیم خان کو سینئر صوبائی وزیر بننے پر مبارکباد دی، کہتے ہیں گندم کی خریداری میں کسی قسم کی کٹوتی نہیں ہونی چاہئے، چھوٹے کاشتکاروں کو ہر قسم کی پریشانی سے بچایا جائے۔

اجلاس میں صوبائی وزراء محمد بشارت راجہ، عبدالعلیم خان اور نعمان لنگڑیال کے علاوہ دیگر ارکان اسمبلی میں سید حسن مرتضیٰ، نذیر احمد چوہان، ساجد احمد خان، سمیع اللہ خان، خواجہ سلمان رفیق، سردار اویس احمد خان لغاری، امین ذوالقرنین، محمد معاویہ اور ملک احمد علی اولکھ نے شرکت کی۔

محکمہ خوراک وزراعت کے وزراء اور سیکرٹریز نے اجلاس کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی موجود تھے۔ چودھری پرویزالہٰی نے کہا کہ گندم کی بین الصوبائی ترسیل کا باقاعدہ ریکارڈ ہونا چاہئے، جو بھی صوبہ گندم خریدنا چاہے سرکاری سطح پر اس کا ریکارڈ ہو۔

انہوں نے کہا کہ چند دنوں بعد گندم خریداری مراکز پر کسانوں کا رش بڑھ جائے گا، کسانوں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے پروکیورمنٹ سنٹرز زیادہ سے زیادہ بنائے جائیں۔ چودھری پرویزالہٰی نے کہا کہ گندے پانی سے سبزیاں کاشت کرنے والوں کے خلاف فوڈ اتھارٹی ایکشن لے، ان کے علاقے سیل کر کے سخت سزا دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ساری اپوزیشن حکومت کے ساتھ تعاون پر تیار ہے، ہم سب کو مل جل کر مسائل حل کرنا ہوں گے۔ پارلیمانی رہنماؤں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے سینئر وزیر عبدالعلیم خان اور نعمان لنگڑیال نے کہا کہ چودھری پرویزالہٰی کے تجربے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گندم خریداری کے حوالے سے تمام ارکان کی تجاویز سے مراکز کی تعداد میں اضافہ اور وہاں کورونا وائرس سے بچاؤ کے انتظامات بھی یقینی بنائے جائیں گے۔ 

مزیدخبریں