(سٹی42) چین کے صوبے ووہان سے جنم لینے والی خطرناک بیماری کورونا وائرس نے دنیا کے 210 ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، دنیا بھر میں 20 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ مہلک وائرس ایک لاکھ 34 ہزار افراد کی زندگیاں نگل چکا ہے۔
دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے وار جاری ہیں،ملک میں کورونا وائرس سے مزید 8 ہلاکتیں ہوئیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 143 ہوگئی جبکہ 465 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد7481 تک پہنچ گئی،کورنا وائرس کے سندھ میں 2217، بلوچستان میں 335، خیبر پختونخوا 1077، اسلام آبادمیں 163، گلگت بلتستان میں 250 اور آزاد کشمیر میں 48کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 3410 جبکہ لاہور میں کورونا کےمریضوں کی تعداد 548 تک پہنچ گئی ،701زائرین سنٹرز،1236رائیونڈ سے منسلک افراد ، 91قیدیوں،1204 عام شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، رائیونڈ مرکز میں 577تبلیغی ارکان میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے،اب تک لاہور میں کورونا سے17، پنجاب میں37 اموات ہوئی ہیں جبکہ672 افراد نے کورونا کو مات دیدی ہے۔
محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ حفاظتی تدابیر اختیار کرکے خود کو محفوظ بنائیں، متاثرہ ممالک سے آئے افراد میں آئسولیشن کے دوران علامات ظاہر ہوں تو 1033 پر رابطہ کریں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس بخار سے شروع ہوتا ہے جس کے بعد خشک کھانسی آتی ہے، یہ وائرس سانس کے ذریعے ایک سے دوسرے انسان میں منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے، کورونا وائرس کی علامات میں سانس لینے میں دشواری، بخار، کھانسی اور نظام تنفس سے جڑی دیگر بیماریاں شامل ہیں، شہری کورونا وائرس سے بچنے کیلئے ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب کریں، گرم پانی پیئں اور ماسک استعمال کریں۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے تحت لاہور سمیت پنجاب بھر میں جاری لاک ڈاؤن میں 25 اپریل تک توسیع کردی، لاہور میں آج لاک ڈاؤن کا 27 واں روز ہے، تمام شاپنگ مالز، مارکیٹیں، تعلیمی ادارے، سینما گھر، شادی ہالز، سیاحتی مقامات اور پارکس بند ہیں، پبلک ٹرانسپورٹ ،ریلوے کا پہیہ جام ہے،کھیلوں کے میدانوں پر تالے لگے ہیں۔