تاجروں نے گورنر پنجاب سے امیدیں وابستہ کرلیں

17 Apr, 2020 | 01:32 PM

Sughra Afzal

(قذافی بٹ) مارکیٹیں کھولنے کا معاملہ، تاجروں نے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے امیدیں وابستہ کرلیں، گورنر پنجاب کو درمیانی راستہ نکالنے کے لیے کوششیں کرنے کی درخواست کردی۔

تاجروں نے رمضان المبارک میں مارکیٹیں کھلوانے کے لیے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے اپنا کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے، تاجروں کے مختلف وفود کی جانب سے گورنرپنجاب سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، حکومتی کارکردگی سے مایوس تاجر گورنر پنجاب سے مسلسل رابطےمیں ہیں۔

انہوں نے گورنر پنجاب سے لاک ڈاؤن، رمضان اورعید کے حوالے سے تحفظات وزیراعظم عمران خان تک پہنچانے کا مطالبہ کردیا۔ تاجروں نے گورنر پنجاب کو15  نکاتی اعلامیہ بھی دیا ہے کہ وہ حکومت کے تمام ایس او پیز پرعملدرآمد کرتے ہوئے دکانیں کھول دیں۔ تاجروں نے گورنر پنجاب کو مارکیٹوں میں تمام حفاظتی اقدامات مکمل کرنے کی بھی یقین دہانی کرا دی۔

گورنر پنجاب نے سارا معاملہ قیادت تک پہنچانے کا تاجروں سے وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان  سے اس حوالے سے بات کریں گے۔

واضح رہےکہ دنیا بھر میں تباہی مچانے والا کورونا وائرس پاکستان میں بھی تیزی سے پھیل رہا ہے، پاکستان میں یہ وائرس اب تک 7025افراد کو متاثر کرچکا ہے جبکہ 135 افراد کی جانیں لے چکا ہے،ملک بھر میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی 135 ہلاکتوں میں سے سندھ میں 45، پنجاب 36، خیبر پختونخوا 45، بلوچستان میں 5، گلگت بلتستان میں 3 جبکہ اسلام آباد میں ایک مریض جاں بحق ہوا ہے۔

پنجاب حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے تحت لاہور سمیت پنجاب بھر میں جاری لاک ڈاؤن میں   25 اپریل تک توسیع کردی، لاہور میں آج لاک ڈاؤن کا 26 واں روز ہے،  تمام  شاپنگ مالز، مارکیٹیں، تعلیمی ادارے، سینما گھر، شادی ہالز،  سیاحتی مقامات اور پارکس بند ہیں، ؂ پبلک ٹرانسپورٹ ، ریلوے کا پہیہ جام ہے،کھیلوں کے میدانوں پر تالے لگے ہیں، کاورباری سرگرمیاں مکمل  بند ہونے سے تاجر برادری پریشان ہے اور دکانیں کھلوانے کیلئے ہاتھ پاؤں مار رہی ہے۔

مزیدخبریں