کورونا وائرس ، نماز جمعہ کے بڑے اجتماعات پر پابندی برقرار

17 Apr, 2020 | 12:48 PM

Sughra Afzal
Read more!

(شاہد ندیم سپرا) کورونا وائرس کےخدشات کے باعث نماز جمعہ کے بڑے اجتماعات پر پابندی برقرار ، مسجد میں صرف 3سے 5 افراد نماز ادا کرسکیں گے ، علمائے کرام  و  سی سی پی او لاہور  نے شہریوں سے گھروں میں رہ کر ہی نماز ادا کرنے کی اپیل کردی۔

ذرائع کےمطابق پنجاب حکومت  نماز جمعہ کے حوالے سےدو  ہفتے قبل جاری ہونے والے نوٹیفکیشن پر عملدرآمد کروائے گی،  آج بھی نماز جمعہ کی ادائیگی کے لئے گزشتہ جمعے کا طریقہ کار اپنایا جائے گا، کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات کے پیش نظر مساجد میں 3سے 5 افراد بشمول خطیب،موذن اور انتظام کرنے والے کو نماز جمعہ کی اجازت ہوگی۔ یہ اقدام حکومت پنجاب نےعلمائے کرام،طبی ماہرین کی ہدایات کی روشنی میں اٹھایا، اسلامی نظریاتی کونسل نمازجمعہ کو محدود کرنے کےحوالے سے پہلے ہی رائے دے چکی ہے۔

دوسری جانب موجودہ ملکی حالات میں کورونا وائرس کے باعث حکومت وقت نے نماز جمعہ کی ادائیگی کے لئے 5افراد کی جوشرط رکھی ہے اس حوالے سے دارالافتاء جامعہ نعیمیہ کی طرف سے شرعی فتویٰ جاری کیا گیا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤکے لئے سماجی دوری اختیار کی جائے اور افراد کا اکٹھ نہیں ہونا چاہیے۔

علمائے کرام   نے  شہریوں سے گھروں میں رہ کر ہی نماز ادا کرنے کی اپیل کردی ہے، خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد  نے بھی نمازی حضرات سے حکومت سے تعاون کی اپیل ہے۔

یاد رہےکہ دنیا بھر میں تباہی مچانے والا کورونا وائرس پاکستان میں بھی تیزی سے پھیل رہا ہے، پاکستان میں یہ وائرس اب تک 7025افراد کو متاثر کرچکا ہے جبکہ 135 افراد موت کےمنہ میں چلے گئے،ملک بھر میں اب تک کورونا  وائرس سے ہونے والی 135 ہلاکتوں میں سے  سندھ میں 45، پنجاب 36، خیبر پختونخوا 45، بلوچستان میں 5، گلگت بلتستان میں 3 جبکہ اسلام آباد میں ایک مریض جاں بحق ہوا ہے۔

مزیدخبریں