حکومت نے 70 ٹیکسٹائل اور لیدر یونٹس کھولنے کی اجازت دے دی

17 Apr, 2020 | 12:38 PM

Shazia Bashir
Read more!

ریحان گل: پنجاب حکومت نے ایکسپورٹ سے منسلک لاہور ڈویژن کے 70 ٹیکسٹائل اور لیدر یونٹس کھولنے کی اجازت دے دی۔
  پنجاب حکومت کی جانب سے لاک ڈاون میں 25 اپریل تک توسیع کردی گئی ہے تاہم اس دوران مختلف صنعتوں کو چالو کرنے کا اجازت نامہ دینے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے، صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال کی ہدایت پر لاہور ڈویژن کے 70 سے زائد ٹیکسٹائل اور لیدر یونٹس کو چالو کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے.

ایکسپورٹ سے منسلک یونٹس کو مال بروقت تیار کرنے کے لئے کمشنر لاہور ڈویژن کی جانب سے اجازت نامہ جاری کیا گیا ہے، تاہم ان یونٹس کو محکمہ صنعت کے مقررکردہ حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانا ہو گا،  جن کی خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔

گزشتہ روز  وزیرِ اعظم عمران خان  کا کہنا تھا کہ حکومت نے جن صنعتوں کو کھولنے کی اجازت دی ہے ان کے لئے جامع ایس او پیز کا خیال رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کارخانوں میں کام کرنے والے محنت کشوں اور ورکرز کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا، وزیرِ اعظم نے صوبائی وزیرِ صنعت کو ہدایت کی کہ وہ کاروباری برادری اور چیمبرز سے مکمل رابطے میں رہیں تاکہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز کا اطلاق یقینی بنایا جا سکے۔

واضح رہے کہ کاروباری حضرات میں کرونا کی وجہ سے مارکیٹیں بند ہونے اور لاک ڈاؤن کا دورانیہ بڑھائے جانے پر تشویش پائی جاتی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے یہ ٹاسک اسی مقصد کے لیے میاں اسلم اقبال کو سونپا ہے۔

صوبائی وزیرِ صنعت میاں اسلم نے تعمیرات اورکم رسک والی صنعتیں کھولنے کے حکومتی فیصلے کو سراہا اور کاروباری برادری کی جانب سے وزیرِ اعظم  عمران خان ن کا شکریہ ادا کیا۔

دوسری جانب  انجمن تاجران ریڈی میٹ گارمنٹس نے ہفتےمیں 3 روز دکان کھولنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کردیا، ان کا کہنا ہے کہ اگرعید الفطر پردکانیں نہیں کھولیں گےتو کروڑوں کانقصان ہوجائےگا۔


 

مزیدخبریں