لاک ڈائون میں شادی،پولیس نے رنگ میں بھنگ ڈال دی

17 Apr, 2020 | 11:48 AM

Azhar Thiraj

سٹی 42 :دنیا بھر میں کورونا وائرس اپنے پنجے گاڑ چکا ہے،اب تک دنیا میں کورونا وائرس سے بیس لاکھ لوگ متاثر ہوچکے ہیں،مرنیوالوں کی تعداد ایک لاکھ بیس ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے،سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں امریکا،برطانیہ،اٹلی ، سپین، جرمنی ، چین اور دیگر شامل ہیں،امریکا اس وقت کورونا وائرس کا مرکز ہے،تمام ممالک نے اپنے شہریوں کو بچانے کیلئے  لاک ڈائون کیا ہوا ہے،ماہرین بھی کہتے ہیں کہ  لاک ڈائون ہی واحد حل ہے۔

پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے مریضوں میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے،وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے تقریباً ایک ماہ سے لاک ڈائون جاری ہے،وفاقی حکومت نے 30اپریل تک لاک ڈائون رکھنے کی منظوری دی ہے،پنجاب نے 25 اپریل تک جزوی لاک ڈائون رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے،سندھ میں مکمل لاک ڈائون ہے،اس لاک ڈائون کے دوروان کاروبار زندگی بند ہیں ،نجی و سرکاری تقریبات ،ڈبل سواری پر پابندی ہے،ایسے سخت لاک ڈائون میں شادی کا تو کوئی سوچ بھی نہیں سکتا۔

پولیس اور انتظامیہ سے چھپ کر  ہال میں ایک شاد ی کی تقریب جاری تھی کہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر رنگ میں بھنگ ڈال دی،سر پر سہرا سجائے دولہے کے ارمان خاک میں مل گئے،دولہے کی شادی والی رات جیل میں گزری ۔  سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے۔جس میں پولیس دولہے کو سٹیج سے اتار کر لے جاری ہے۔

ہوا یوں کہ  کراچی کے علاقے ملیر کے  ایک ہال میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شادی کی تقریب جاری تھی اور مہمانوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی کہ پولیس نے چھاپہ مار کر دولہے کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو گئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک لیڈی پولیس اہلکار کچھ ساتھیوں سمیت اسٹیج پر آتی ہے اور دولہے سے اپنے ساتھ چلنے کا کہتی ہے۔

دولہے کے قریبی رشتہ دار پولیس اہلکاروں سے کچھ دیر بحث کرتے ہیں جس کے بعد دولہا ان کے ساتھ جانے پر رضا مند ہو جاتا ہے جسے پولیس اہلکار اپنے ساتھ تھانے لے جاتے ہیں۔

مزیدخبریں