لوئر مال (شاہد ندیم سپرا) محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب نے رمضان المبارک میں مساجد کو کھولنے کیلئے سفارشات مرتب کر لیں، مساجد کو کھولنے کا حتمی فیصلہ پنجاب حکومت کرے گی۔
محکمہ اوقاف کی جانب سے مرتب کردہ سفارشات کے مطابق مساجد میں صفوں کو نکال کر فرش کو کلورین سے دھویا جائے اور باجماعت نماز کے دوران نمازیوں میں ایک صف کا فاصلہ لازمی رکھا جائے۔ صف بندی کے دوران دائیں اور بائیں نمازیوں میں تین سے چار فٹ کا فاصلہ رکھا جائے، جمعہ کے خطبات اور سپیکر پر احتیاطی تدابیر بار بار بتائی جائیں گی۔
محکمہ اوقاف کی جانب سے مرتب کردہ سفارشات میں کہا گیا ہے کہ نمازی گھروں سے وضو اور سنتیں ادا کر کے مساجد آئیں گے جبکہ داخلی اور خارجی راستوں پر قطار میں3 سے 4 فٹ کا فاصلہ لازمی رکھا جائے، اسی طرح مساجد کے داخلی راستوں پر ہینڈ سینی ٹائزر کی فراہمی اور استعمال یقینی بنایا جائے گا، نمازی اور مسجد کا عملہ فیس ماسک لگا کر آئیں گے۔
دوسری جانب مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان نے احتیاطی تدابیر کے ساتھ مساجدکھولنے کا مطالبہ کردیا، سینیٹر ساجد میر کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں نماز تراویح کا اہتمام ہو گا،اعتکاف سمیت دیگر عبادت بھی کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ چین کے صوبے ووہان سے جنم لینے والی خطرناک بیماری کورونا وائرس نے دنیا کے 210 ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، دنیا بھر میں 20 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ مہلک وائرس ایک لاکھ سے زائد افراد کی زندگیاں نگل چکا ہے۔
دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے وار جاری ہیں، ملک میں کورونا وائرس سے اب تک 135 افراد موت کے منہ میں چلے گئے ہیں جبکہ 414نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 7025 تک پہنچ گئی۔