لاہور میں بارش سے موسم خوشگوار، مزید بادل برسنے کا امکان

17 Apr, 2020 | 09:51 AM

Sughra Afzal
Read more!

(جنید ریاض) قدرت لاہوریوں پر مہربان ہوگئی، صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، محکمہ موسمیات نےآئندہ چوبیس گھنٹوں میں مزید بادل برسنے کی پیشگوئی کردی۔

رم جھم نے لاہور کا موسم سہانا بنا دیا، موسم کے بدلتے تیور اور رنگین نظاروں نے فضا کی دلکشی میں بھی اضافہ کردیا، جہاں رنگ برنگے پھولوں کی خوشبو نے ماحول کو تروتازہ کیا، وہیں بادلوں اور بارش کے تڑکے نے شہریوں کے مزاج کو بھی رنگین بنا دیا، ہلکی بارش سے گزشتہ کئی روز سے جاری گرمی کا زور بھی ٹوٹ گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق باغوں کے شہر لاہور  کا آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24 اور کم سے کم 18  ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، ہوائیں 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، ہوا میں نمی کا تناسب 69 فیصد ریکارڈ کیا گیا، آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران  موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ لاہور میں وقفہ وقفہ سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔

دوسری جانب کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے باعث ٹریفک میں کمی اور فیکٹریوں کی بندش سے باغوں کے شہر لاہور کی فضا میں 10 سال بعد بڑی تبدیلی رونما ہوئی ہے،  شہر میں فضائی آلودگی کم ہوگئی ہے، پہلی بار صوبائی دارالحکومت لاہور میں   ائیرکوالٹی انڈیکس انتہائی کم ریکارڈ کیا گیا ہے، شہر کا ائیر کوالٹی انڈیکس 50 تک پہنچ گیا ہے، شہر کو گزشتہ ایک ہفتے میں مسلسل گرین لائن میں شامل کیا جا رہا ہے۔

واضح رہےکہ پاکستان میں کورونا وائرس کے حملوں میں تیزی آگئی، ملک بھر میں  کورونا وائرس کے کنفرم مریضوں کی تعداد 7018 ہوگئی جبکہ 131 افراد اب تک جاں بحق ہوچکے ہیں، کورونا وائرس سے سب سے زیادہ صوبہ پنجاب متاثر ہوا جہاں اب تک کورونا وائرس سے 3276 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ35 افراد موت کے منہ میں چلے گئے ہیں۔

مزیدخبریں