گلبرگ (زین مدنی )ماڈل صدف کنول کوسوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنائے جانے پر اداکارہ زارا نور عباس نے اپنی دوست کی حمایت میں سوشل میڈیا صارفین کو اندرکا شیطان بند کرنے کا پیغام دے دیا۔
شہروزنے اپنی والدہ سفینہ بہروزکوسالگرہ کی مبارکباد دی تھی جس پرتبصرہ کرتے ہوئے صدف کنول نے گلاب کے ایموجی کے ساتھ لکھا“ہیپی برتھ ڈے ماما”۔ اگرچہ بعد ازاں صدف نے اپنا کمنٹ ڈیلیٹ کردیا لیکن بہت سے سوشل میڈیا صارفین اسکرین شاٹ محفوظ کرچکے تھے۔ تنقید پرصدف اورشہروز نے توخاموشی اختیارکی لیکن زارا نور عباس نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ناقدین کو جواب دیا۔
زارا نے اپنی ٹویٹ میں لکھا“کسی نے کسی کی والدہ کو“ماما”کہا اور یہ قومی خبر بن گئی۔ حیرت ہے کہ ہم سب قرنطینہ میں بند ہیں لیکن ہمارے اندر کے شیطان بند نہیں ہوئے۔ اگرآپ کوایسا لگتا ہے کہ یہ اس ماہ کی سب سے بڑی خبرہے تو آپ نے اپنی زندگی کے3 ہفتے ضائع کردیے”۔
شہروز سبزواری اور صدف کنول کے درمیان دوستی گزشتہ سال اوسلو میں ہونے والے تیسرے آئی پی پی اے (ایپا) ایوارڈ کی ریہرسلز کے دوران ہوئی، دونوں نے ایک ساتھ ڈانس پرفارمنس دی تھی۔ اسی تقریب میں زارا بھی شریک تھیں اوراوسلو میں قیام کے دوران ان سب کی دوستانہ تصاویر بھی سامنے آئی تھیں۔
سال 2012 میں پسند کی شادی کرنے والے شہروز اور سائرہ کے درمیان گزشتہ ماہ علیحدگی ہوگئی تھی۔ دونوں نے سوشل میڈیا پر طلاق کی تصدیق کرتے ہوئے میڈیا اور عوام سے درخواست کی تھی کہ ان کی پرائیویسی کااحترام کیا جائے۔ سائرہ اور شہروز کی ایک بیٹی نورے ہے جس کی پیدائش 2014 میں ہوئی۔
اس جوڑے کی طلاق کے حوالے سے صدف کنول کا نام خبروں کی زد میں رہا، سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں کی جاتی رہیں کہ دونوں کے درمیان اختلافات کی وجہ شہروز اور صدف کے درمیان گہری دوستی بنی۔