بسام سلطان: ینگ ڈاکٹرز ایک بار پھر سڑکوں پر، سروسز ہسپتال کے ڈاکٹرز اور عملہ کے خلاف ایف آئی آر واپس نہ لی گئی تو ایوان ہلا دیں گے۔ ینگ ڈاکٹرز ریلی کی صورت میں شادمان تھانے کے باہر پہنچے اور بھرپور احتجاج کیا۔
سٹی 42 نیوز ذرائع کے مطابق چند روز قبل سروسز ہسپتال میں ایک حاملہ خاتون کے لواحقین اور ہسپتال عملے کے درمیان ہونے والی لڑائی میں سنیل نامی شخص جان کی بازی ہار گیا۔
شادمان تھانے میں مبینہ طور پر ملوث دو ڈاکٹرز اور دیگر عملے کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی۔ جس کے خلاف سروسز ہسپتال کے آڈیٹوریم میں سکیورٹی کنونشن ہوا۔ کنونشن میں شریک پیرامیڈکس اور ینگ ڈاکٹرز نے ریلی کی صورت میں شادمان تھانے کا رخ کیا اورسڑک بلاک کر کے بھرپور احتجاج کیا۔
یہ بھی لازمی پڑھیں: خصوصی بچوں کا ہسپتال کرپشن کے باعث 9 سال سے نہ بن پایا
ینگ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کو محفوظ ماحول فراہم نہیں کیا جا رہا، ڈاکٹرز کے خلاف ایف آئی آر بلا جواز ہے۔ پیرامیڈیکس کا کہنا تھا کہ ہسپتال کے سینٹری ورکر اور گارڈ کو رہا نہ کیا گیا، تو سروسز ہسپتال میں کام کا مکمل بائیکاٹ کریں گے۔
ریلی میں صدر وائے ڈی اے معروف وینس،ڈاکٹر سلمان حسیب، ڈاکٹر عاطف سمیت دیگر ہسپتالوں کے ینگ ڈاکٹرز نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔